مرکز المعارف بہار سیلاب زدگان میں اشیائے خوردنی اور کپڑوں پر مشتمل مزید 5000کٹ تقسیم کرے گا

ممبئی/پٹنہ(ملت ٹائمز/محمد اشفاق)

گذشتہ کل اجمل سی ایس آرکے “بہار راحت رساں پروگرام” نے بہار کے 9 اضلاع پورنیہ، کٹیہار، کشن گنج، ارریہ، مدھوبنی، سہرسہ، سوپول، موتیہاری اور بتیا کے سیلاب زدگان کے درمیان اشیائے خوردنی اور کپڑوں پر مشتمل ۱۵۰۰ کٹس کی تقسیم کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا۔ واضح رہے کہ۱۰ کلو اشیائے خوردنی اور مرد و خواتین کے لئے ایک ایک جوڑے کپڑے پر مشتمل یہ کٹس آسام کے ہوجائی میں واقع اجمل فاونڈیشن کی جانب سے فراہم کئے گئے تھے۔

راحت رسانی کے سابقہ دو مرحلوں میں ۱۸ سے ۲۵ اگست کے درمیان ہم نے فوری راحت رسانی کے طور پر اشیائے خورد و نوش پر مشتمل ۱۰۰۰ کٹس تقسیم کیے۔

مرکزالمعارف کے ڈائریکٹر مولانا بر ہاالدین قاسمی نے ملت ٹائمز سے بات کرتے ہو‏ئے کہاکہ میں اپنے رضاکاروں اور علاقائی ذمہ داروں کی کوششوں کو سراہتاہوں جنہوں نے مکمل تندہی کے ساتھ اس راحت رسانی مشن کو پورا کیا، یہاں تک کہ انہوں نے ناگہانی صورت حال سے دو چار انسانیت کے لئے اپنی عید کی چھٹیوں کو بھی قربان کر دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ اجمل سی ایس آر کی شریک کار تنظیم مرکز المعارف اپنے راحت رسانی پروگرام کا چوتھا مرحلہ ۱۰ ستمبر ۲۰۱۷ سے شروع کرنے جا رہا ہے۔ اس مرحلے میں ہم کپڑوں اور اشیائے خوردنی پر مشتمل مزید پانچ ہزار کٹس تقسیم کریں گے، جن میں پہلے کی طرح ۹ کلو ضروری اشیائے خوردنی کے علاوہ مرد و خواتین کے لئے کپڑے ہوں گے۔

علاقائی کے اعتبار سے کٹس کی تعداد حسب ذیل ہوگی:

۱۔ پورنیہ اور کٹیہار: ۱۰۰۰ کٹس

۲۔ کشن گنج: ۶۰۰ کٹس

۳۔ارریہ: ۱۰۰۰کٹس

۴۔ مدھوبنی، سوپول اور سہرسہ: ۱۰۰۰ کٹس

۵۔ بتیا اور موتیہاری: ۱۰۰۰ کٹس

۶۔ سیتامڑھی: ۴۰۰ کٹس

پانچ ہزار متاثرہ کنبوں کے سروے، کٹس کی تیاری اورکٹس کی تقسیم سمیت راحت رسانی کا یہ مرحلہ ان شاء اللہ ۱۵ دنوں میں مکمل ہوگا۔ مرکزالمعارف ہوجائی، آسام کے” شعبہ راحت رسانی و بازآبادکاری” کے ذمہ دار مولانا پرویز عالم قاسمی اپنے تین کارکنان کے ساتھ اتوار، مورخہ ۱۰ ستمبر کو بہار پہنچ جائیں گے اور ۱۰ ستمبر کو ہی وہ ارریہ میں چوتھے مرحلے کی تقسیم کا اغاز کریں گے۔ اس کے بعد وہ سوموار کو پورنیہ جائیں گے۔

مولا نا برہالدین قاسمی نے تقصیل بتاتے ہوئے کہاکہ مرکز المعارف، ممبئی کی نگرانی میں بہار کے مختلف علاقوں میں جاری اجمل سی ایس آر کے “بہار راحت رسانی پروگرام” کے لئے آسام سے آئے نئے رضا کار بہار میں موجود پانچ راحت رساں ٹیم کو اپنا تعاون فراہم کریں گے۔  ہم اپنے معاون اہل خیرحضرات اور ہند و بیرون ہند میں واقع شریک کار تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے آفت میں مبتلا انسانیت کی راحت رسانی کے لئے گرانقدر تعاون پیش کیا۔ الامداد فاونڈیشن، عیسی فاونڈیشن {یو کے} اور اے ایف ایم آئی {یو ایس اے} “بہار راحت رسانی پروگرام ” کے کچھ حصوں میں ہمارے شریک کار رہی ہیں۔