اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ حکومت کی مدح سرائی میں جھاڑو پکڑے کھڑا ہے:انٹر نیشنل رائٹرز ایسوسی ایشن کی حکومت کے طریقہ کار پر سخت تنقید
دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
ملک کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ چلائی جارہی صفائی اسکیم کے طریقہ کار پر انٹر نیشنل رائٹرس ایسوسی ایشن دیوبند نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اخباری تصاویر اور تشہیری دنیا سے باہر آکر ملک کی صاف صفائی پر دھیان دے اور صاف صفائی کے لئے جو ذمہ دارہیں ان سے کام لے۔ محلہ ٹانکان میں منعقد انٹر نیشنل رائٹر ایسوسی ایشن کی میٹنگ میں ادیبوں،قلمکاروں اور شعراءنے شرکت کرکے صفائی نظام کو زمینی سطح پر بہتر بنانے کی نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ سرکار اخبارات کی تصاویر اور تشہیر تک ہی صفائی اسکیم چلارہی ہے ،جس کا زمینی سطح پر کچھ اثر دکھائی نہیں دے رہاہے، بڑے افسوس کی بات ہے کہ حکومت پڑھے لکھے لوگوں کے ہاتھوں میں جھاڑو دے رہی اور جو لوگ صفائی کے نظام کے لئے تعینات ہے ان سے کام نہیں لیا جارہاہے ،جس کے سبب دیہی مواضعات میں گندی اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر و معروف قلمکار حکیم حامد تحسین نے تشویش کااظہا رکرتے ہوئے کہاکہ آج پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ اسکولوں،دفاتر اور سڑکوں پر جھاڑو لگارہا ہے جبکہ اس کے اس کام کی ماہانہ تنخواہ پانے والے صفائی ملازمین بالخصو دیہی علاقہ سے پوری طرح غائب رہتے ہیں،مگر اس جانب نہ تو سرکارتوجہ دے رہی اور نہ ہی بلاک کے افسران اپنی ذمہ داریاںنبھا رہے ہیں بلکہ ہاتھ میں جھاڑو پکڑ کر فوٹو کھنچوا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو صاف ستھرا بنانے کے لئے جہاں لوگوں میں بیدار ی پیداکرنے کی ضرورت ہے وہیں اس کام کے لئے تعینات اہلکاروں سے سخت باز پرس ہونی چاہئے ،خالی ہاتھ میں جھاڑو تھام کر تصویر کشی کرانے سے صفائی کا مقصد کبھی حل نہیں ہوسکتاہے۔ ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے کہاکہ تمام بی جے پی کے لیڈران و عہدیدان اور شہروںکی سماجی تنظیموںکے ذمہ داران سڑکوں پر جھاڑو لیکر فوٹو کھنچوارہے اور یہ تصاویر اخبارات میں شائع کرارہے ہیں،جبکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ ملک کا صفائی بے حد کمزور ہے اور دیہی علاقوں میں تو یہ انتہائی بدتر حالت میں ہے،جہاں تعینات صفائی ملازمین سالوں سے غائب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اخباری تشہیرسے باہر نکل کر صفائی نظام کی درست کے لئے فوٹو نہیں بلکہ عملی اقدامات کرے اور جو لوگ اس کام کے لئے متعین ہیں ان کی جوابدہی طے کرے اسی وقت صفائی کانظام درست ہوسکتاہے۔ میٹنگ کی صدارت حکیم حامد تحسین اور نظامت غزالی خان نے کی ۔ اس دوران شبیر احمد قاسمی،حکیم محمد ہاشم، عبداللہ عثمانی،جنیندر کمار سنگھ،گرنام سنگھ،ڈاکٹر نظر الاسلام،کمل دیبنید،علی حسن ساگر،ڈاکٹر شمیم دیوبندی،کمل دیوبندی وغیرہ شریک رہے۔





