لکھنو(ملت ٹائمزایجنسیاں)
راشٹریہ لوک دل نے وزیراعلیٰ یوگی کی حکومت کے ذریعہ جاری سیاحت کے کتابچے میں تاج محل کے معاملہ پر یوگی آدتیہ ناتھ کونشانہ بنایاہے۔ لوک دل نے سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اب دنیاکے سات عجوبوں میں سے ایک تاج محل کو بھی ”فرقہ پرستی کے چشمے“ سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاج محل پورے ملک میں واحد سیاحتی مقام ہے، نہ صرف پورے ملک میں، بلکہ ہندوستان آنے والے غیر ملکی کی آنکھوں میں دیکھنے کاخواب ہے۔آر ایل ڈی کے قومی نائب صدر جینت چودھری نے بدھ کویہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اترپردیش حکومت کی طرف سے جان بوجھ کرنفرت انگیزی کے احساس سے کام کیا جا رہا ہے اور تاج محل کی شبیہ کوداغدارکرنے کی گھنونی کوشش کی جا رہی ہے۔تاج محل کسی شخص خاص مذہب یا ذات کے نام پر نہیں بلکہ تاج محل بھارت کی تاریخی ورثہ کے طورپرورلڈمیں مشہور ہے اور دنیا کے سات عجائب میں سے ایک ہے۔





