شدید زخمی حالت میں ضلع رامپور کے باشندہ کو لیا حراست میں،ایک ساتھی فرار،علاقہ میںہوسکتا تھا پہلو خان جیسے واقعہ
دیوبند(سمیر چودھریملت ٹائمز)
ہریانہ کے حصار سے کنٹینر میں بند کر لے جائے جا رہے پانچ بیلوں کو دیہی لوگوں نے گاو¿ں گھلولی میں پکڑ کرڈرائیور سے مویشیوں کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے پولیس کی موجودگی میں اس کی جم کر پٹائی کردی ۔اتنا ہی نہیں بلکہ دیہی لوگوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں نے بھی اپنا فرض طاق پر رکھتے ہوئے ڈرائیور کے ساتھ سر راہ جم کر مارپیٹ کی،جس میںوہ شدید زخمی ہوگیا۔دیہی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ بیل کو کاٹنے کے لئے لے جایا جارہاتھا جبکہ گاڑی میںسوار ایک شخص فرار ہونے میں کامیاب رہا۔آج دوپہر گاو¿ں گھلولی کے راستے سے رامپور اسٹیٹ لے جائے جا رہے ایک کنٹینر کو کسی کی اطلاع پر روک اس تلاشی لی تو اس میں پانچ بیل دکھائی دیئے، اس دوران فوری طورپر موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کنٹینر میںسوار ایک شخص فرار ہونے میں کامیاب رہا جبکہ ٹرک چلا رہے ضلع رام پور کے تھانہ ٹانڈا کے گاو¿ں پیپلی کے باشندہ نعیم کو گاو¿ں کے لوگوں نے پکڑ لیا اور اس کی جم کر پٹائی شروع کردی۔گاو¿ں والوں نے کنٹینر سے پانچوں بیلوں کو نکال کر اس میں آگ لگانے کی کوشش کی تو اسی دوران اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، لیکن گاو¿ں والوں نے پولیس کے سامنے پکڑے گئے ڈرائیور کی جم کر پٹائی کی۔ موقع پر پہنچے ایس ڈی ایم رام ولاس یادو،سی او سدھارتھ سنگھ اور کوتوالی انچارج پنکج تیاگی نے بمشکل نعیم کو لوگوں سے چھڑاتے ہوئے اپنے قبضے میں لیا۔ گاو¿ں والوں نے الزام لگایا ہے بیلوں کو کنٹینر میں چھپا کر کاٹنے کے لئے لے جایا جارہاتھا،پولیس کی حراست میں نعیم نے بتایا کہ ہریانہ کے حصاربیلوں کو کھیتی کے لئے خرید کر لے جایا جارہاتھا۔ پولیس نے بیلوں کو اپنے قبضہ میں لے لیا، اس دوران معاملہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میںخود پولیس اہلکار بھی ڈرائیور کو پیٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کوتوالی انچارج نے بتایا کہ ملزم نعیم نے بتایا کہ اس کے ساتھ اس کا دوسرا ساتھی اسی کے ہی گاو¿ں کا عرفان فرار ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مویشی زیادتی کے قانون کے تحت ملزمان پر معاملہ درج کیا جائے گا۔ہوسکتا تھا پہلو خان جیسا حادثہ ؟ کنٹینر میں بیل کی اسمگلنگ کر لے جا رہے ایک ملزم کے ساتھ کچھ دیہی نوجوانوں اور ایک پولیس اہلکار کے ذریعہ کی گئی زبردست مارپیٹ کی گئی ،جس سے اس کے ساتھ راجستھان میں گزشتہ دنوں ہوئے پہلو خان جیسا حادثہ ہوسکتا تھا، اگرچہ افسران نے موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے زخمی نعیم کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ کوتوالی انچارج نے کہا کہ ڈرائیور کے ساتھ مار پیٹ کی ان کے پاس کوئی شکایت نہیں کی گئی ہے، وائرل ویڈیو کے سوال انہوں نے اس معاملہ کا علم ہونے سے ہی انکار کردیا۔






