کولکاتا(ملت ٹائمز)
بنگال میں مسلمانوں نے محرم الحرام کا جلوس منسوخ کرکے کینسر کے مرض میں مبتلاایک ہندو کے علاج کیلئے پیسہ جمع کرنے کا اہتمام کیا ۔
تفصیلات کے مطابق بنگال کے شہر کھارگپور کے مسلمانو ں نے محرم کے تمام جلوس روک کر ہندو کے علاج کیلئے پیسے جمع کرنے کا اہتمام کیا تاکہ کینسر جیسی مہلک بیماری سے لڑ رہے شخص کی امداد کی جاسکے ۔سماج سنگھا کلب جو کہ گھارگپور میں پوراتن بازار میں جلوس کا انعقاد کرتی ہے ،کو ہر سال اس کے انتظامات کیلئے 50ہزار روپے ملتے ہیں جو کہ انہوں نے اس ہندو شخص کی زندگی کو بچانے کیلئے لگانے کا اعلان کر دیاہے۔
55سالہ ابیر بھونیا جو کہ علاقے میں ایزی لوڈ کی دکان چلاتاہے ،انتہائی خطرناک قسم کے کینسر میں مبتلا ہے ،یہ گروپ اسے پہلے ہی چھ ہزار روپے دے چکاہے لیکن اس کے علاج کیلئے مزید پیسوں کی ضرورت ہے ،ابیر کے علاج کیلئے 12لاکھ روپے کی رقم درکار ہے۔سماج سنگھا کے سیکریٹری امجد خان کا کہناہے کہ محرم کے جلوس ہم ہر سال نکالتے تھے لیکن اس سال ہماری پہلی ترجیح کسی انسان کی زندگی بچانا ہے ،ہمارے چندہ جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔





