
کیمبی افریقہ(ملت ٹائمز)
سینٹر ل افریقہ کے کیمبی شہر کی ایک مسجد پر عیسائیوں کے ایک گروپ نے حملہ کیا ہے جس میں 25 مسلمانوں کا قتل کردیاگیاہے جبکہ بڑی تعداد میں مسلمان زخمی ہیں ۔
الجزیرہ کی عربی سائٹ کے مطابق سینٹر ل افریقہ کے مشہور شہر کیمبی کی دیجمبی مسجد کا بدھ کی صبح عیسائیوں ایک شدت پسند مسلح گروپ انٹی بلاکا نے محاصرہ کرکے نمازفجر کے دوران ہی مسلمانوں پرحملہ کردیا اور 25 مسلمانوں کو قتل کردیا جبکہ بڑی تعداد میں مسلمان زخمی بھی ہیں ، عیسائیوں کے شدت پسند گروپ نے عام نمازیوں کے ساتھ مسجد کے امام اور نائب امام کا بھی قتل کردیا ۔
رپوٹ کے مطابق اب تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوسکی وہیں جمعہ کی نماز بھی مسجد میں ادا نہیں کی گئی ۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے سینٹر ل افریقہ میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے حملے میں تیزی آگئی ہے ،ایمنسٹی انٹر نیشنل کی رپوٹ کے مطابق عیسائی شدت پسند گروپ کی جانب سے ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں 2013 سے اب تک 5000 سے زائد مسلمانوں کا قتل ہوچکاہے ۔ ترکی کے معروف اخبار ڈیلی صباح نے اس رپوٹ کے تناظرمیں لکھاہے کہ 2003 میں عیسائی لیڈر فرینکوئزبوزز کے اقتدار میں آنے کے بعد وہاں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہونا شروع ہواہے اور آئے دن یہ سلسلہ عیسائی شدت پسند گروپ کی جانب سے بڑھتاجارہاہے ۔





