احمد آباد (ملت ٹائمز)
قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے )کی ٹیم جیٹ ایئرویز کی پرواز کو ہائی جیک کرنے کی جھوٹی دھمکی کے معاملے کی جانچ کے سلسلے میں آج یہاں پہنچ گئی ہے۔ ممبئی سے دہلی کے لئے پائلٹ عملے کے نو اراکین سمیت 125افراد کے ساتھ صبح 0255پر پرواز بھرنے والے طیارے فلائٹ نمبر9ڈبلیو339کے بیت الخلا میں دھمکی بھرا خط ملنے کے بعد اسے 0348پر یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتارا گیا تھا۔
نیوز 18 اردو کی رپوٹ کے مطابق اسے سات گھنٹے تک یہاں مکمل جانچ کے بعد واپس روانہ کیا گیا۔ اس دوران ممبئی کے رہنے والے گجراتی کاروباری برجو سلا جو اسی طیارے سے سفر کررہا تھا ،کو یہ خط رکھنے کےلئے پکڑ لیا گیا۔
اس نے مبینہ طورپر اس پرواز کی ایک کیبن کرو کے ساتھ اپنی مبینہ یک طرفہ محبت اور اس سے رشتے خراب ہونے کی وجہ سے اسے پھنسانے کی نیت سے یہ خط لکھا تھا۔ اس نے انگریزی میں لکھے خط کا گوگل کی مدد سے اردو میں ترجمہ بھی کیا تھا۔ اس نے طیارے میں ہائی جیکر اور دھماکہ خیز اشیا ہونے کی وارننگ دیتے ہوئے اسے پاکستان مقبوضہ کشمیر لے جانے کی وارننگ دی تھی۔ شک کی بنیاد پر اسے پکڑ لیا گیا اور اس نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ اسے اینٹی ہائجیکنگ قانون کے تحت پکڑا گیا ہے جس میں اسے عمر قید تک کی سزا ہوسکتی ہے۔
اس نے مبینہ طورپر اس پرواز کی ایک کیبن کرو کے ساتھ اپنی مبینہ یک طرفہ محبت اور اس سے رشتے خراب ہونے کی وجہ سے اسے پھنسانے کی نیت سے یہ خط لکھا تھا۔
این آئی اے کی ٹیم کو احمدآباد پولیس کی کرائم برانچ،جس نے کل یہاں طیارے کی جانچ اور برجو کو پکڑنے کی مہم کی قیادت کی تھی، متعلقہ معلومات دے گی۔ برجو کو پہلے ہی پولیس حراست میں ممبئی لے جایا گیا ہے جہاں اس کے گھر کی جانچ بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے جوخط پایاگیا ہے وہ انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی ہے ،روزنامہ انقلاب کے ریزیڈینٹ ایڈیٹر یامین انصاری نے اپنے فیس بک پر لکھاہے کہ یہ مکمل طور پر گوگل ترجمہ ہے اور اردو کو پڑھ کر دھمکی آمیز خط کا بھی کوئی انداز ہ نہیں ہوتاہے ، یہ مسلمانوں کو ایک طرح سے پھنسانے کی سازش ہے ۔





