دہلی(ملت ٹائمزایجنسیاں)
مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے لکھنو¿ سے تقریبا سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اونچا ہار کی این ٹی پی سی یونٹ میں بوائلر پھٹنے سے لگی آگ کے نتیجے میں ہوئی اموات پر اظہار رنج وافسوس اور مہلوکین کے ورثاءاور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملہ کی انکوائری کرائے اور ایسے اقدامات کرے کہ مستقبل میں اس طرح کے المناک حادثات رونما نہ ہوں۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر محترم نے اپنے بیان میں نیویارک کے لوئرمین ہٹن میں ایک ٹرک ڈرائیور کے ذریعہ سائیکل لین میں راہ گیروں پر ٹکر مار کر دہشت گردانہ حملہ کئے جانے کی بھی مذمت کی ہے اور اسے غیر انسانی وبزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امیر محترم نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سابق رکن شوریٰ، المعہد العالی السلفی رچھا بریلی کے سابق ناظم اور معہد ابوبکر الصدیق لتحفیظ القرآن الکریم کے سرپرست، معروف معالج ڈاکٹر محمد اسلم صاحب کے انتقال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی موت کو ملک وملت کا خسارہ قرار دیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر محمد اسلم صاحب جو قصبہ دھونرہ، ٹانڈہ، بریلی کے رہنے والے تھے، کا انتقال گذشتہ سے پیوستہ شب بوقت ایک بجے حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے بعمر تقریبا اسی سال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر محمد اسلم صاحب کو بڑی خوبیوں سے نوازا تھا ۔ وہ دینی ، تعلیمی اور سماجی کاموں سے کافی دلچسپی رکھتے تھے۔ آپ نے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور سرکاری اسپتال میں ریٹائرمینٹ تک طبی خدمات انجام دیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹے ، تین بیٹیاں اور بیوہ ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی ،ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز ودیگر ذمہ داران و کارکنان نے ڈاکٹر محمد اسلم صاحب کے انتقال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی موت کو ملک وملت کا خسارہ قرار دیتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرما، ان کی خدمات کو قبول فرما، ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرما، پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق ارزانی فرما۔





