دیوبند (ملت ٹائمزسمیر چودھری)
حج 2018 کے لئے 15 نومبر 2017 سے فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جو دسمبر کے پہلے ہفتہ تک جاری رہے گا،حسب سابق دیوبند میں مسلم فنڈ ٹرسٹ کی جانب سے حج کاو¿نٹر پر بھی حج فارم بھرے جائینگے۔ واضح رہے کہ ابتداءمیں ہر عازم کا رجسٹریشن ہوگا، بعد ازیں قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ مذکورہ تفصیلات قدیم خادم الحجاج مولانا حسیب صدیقی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے فراہم کرائی۔ انہوں نے کہا کہ دیوبند اور اس کے قرب وجوار میں جو افراد سفر حج 2018 پر جانے کا ارادہ رکھتے ہوں وہ 15 نومبر یا اس کے بعد دسمبر کے پہلے ہفتہ تک پاسپورٹ، آدھار کارڈ، بینک کھاتہ اور 3 عدد رنگین فوٹوں کے ساتھ مسلم فنڈ دیوبند کے حج کاو¿نٹر سے رابطہ کرکے حج فارموں کی خانہ پُری کراکر ریاستی حج کمیٹی کے دفتر بھیج دیں۔ مولانا حسیب صدیقی نے بتایا کہ سفر حج کے خواہشمند افراد کو سب سے پہلے حج کمیٹی کی پے ان سلپ کے ذریعہ سے 300 روپے فی عازم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک میں جمع کرانے ہوں گے اس کے بعد تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ حج فارم بھر کر متعلقہ دفتر کو بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس انٹر نیشنل پاسپورٹ نہیں ہیں وہ فوری طور پر پاسپورٹ بنوانے کی تیاری کریں۔ پاسپورٹ کے سلسلہ میں انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے پاسپورٹ سال 2019 کے آخر تک ویلڈ ہوں گے ان ہی عازمین کو سفر حج کی اجازت دی جائے گی اس کے علاوہ جن لوگوں کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے وہ جلد از جلد اس کی تجدید کرالیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2017 میں گرین کیٹیگری کے اخراجات 2,38000 اور عزیزیہ زمرہ کے لئے 2 لاکھ پانچ ہزار روپے تک کے اخراجات آئے تھے۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے اس سال بھی اخراجات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔





