کانگریس نے قرض معافی والے کسانوں کی فہرست دی، شیوراج سنگھ نے اب بینک کاغذات مانگے

نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)
مدھیہ پردیش میں کسانوں کی قرض معافی کو لے کر چل رہی بیان بازی کے درمیان کانگریس نے سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ان 21 لاکھ کسانوں کی فہرست سونپی ہے، جن کے قرض معاف کرنے کا حکومت دعویٰ کر رہی ہے۔کانگریس نے کسانوں کی فہرست شیوراج سنگھ چوہان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر سونپی۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سریش پچوری کی قیادت میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان کھلی جیپ میں کسانوں کی فہرستیں بھر کر شیوراج سنگھ چوہان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور انہیں 21 لاکھ کسانوں کی فہرستیں سونپی،یہ فہرست ڈسٹرکٹ وار تیار کی گئی ہے۔سابق مرکزی وزیر پچوری نے یہاں کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت نے اپنے منشور میں کسانوں کا دو لاکھ تک کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا، کانگریس کی کمل ناتھ کی قیادت میں حکومت بنتے ہی قرض معافی کا عمل شروع ہو گیا،اب تک 21 لاکھ کسانوں کا قرض معاف کیا جا چکا ہے۔ان کسانوں کی فہرست اور پین ڈرائیو میںتفصیل سابق وزیراعلیٰ شیوراج کوسونپی ہے ۔کانگریس کادعویٰ ہے کہ ’جے جوان جے کسان‘ قرض معافی اسکیم کے تحت کل 55 لاکھ کسانوں کا دو لاکھ تک قرض معاف ہونا ہے۔ضابطہ اخلاق لگنے سے پہلے قریب 21 لاکھ کسانوں کے قرض معاف ہو چکے ہیں، انہیں قرض معافی کے سرٹیفکیٹ بھی دیے جا چکے ہیں۔ضابطہ اخلاق کے بعد اپنے وعدے کے مطابق، باقی بچے کسانوں کے قرض بھی کانگریس حکومت قرض معاف کرے گی۔کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی جو خود کو کسان حامی بتاتی ہے، مسلسل قرض معافی پر جھوٹ پروس کر کسانوں کو الجھانے اور گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔کسانوں کے قرض معافی کو لے کر کانگریس کے دعوے پر سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ایک طرف کانگریس حکومت دعویٰ کررہی ہے کہ اس نے کسانوں کا قرض معاف کر دیا،اگرچہ کسانوں کو اب بھی بینکوں سے نوٹس مل رہا ہے،میں ریاستی حکومت اور کمل ناتھ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کسانوں کو مطمئن کریں۔شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ آپ کو 23 مئی کو معلوم پڑ جائے گا جب لوک سبھا انتخابات کے نتائج آئیں گے،مجھے پین ڈرائیوبھیجنے کاکوئی مطلب نہیں۔شیوراج سنگھ چوہان نے آگے کہا کہ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ حکومت بننے کے بعد 10 دن کے اندرکسانوں کے قرض معاف ہوںگے۔یہ اب تک نہیں ہوا ہے۔