بھوپال (آئی این ایس انڈیا)
اپنے بیانات کو لے کر اکثر بحث میں رہنے والے کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو اور بی جے پی کے ترجمان سبت پاتراکے درمیان پی ایم مودی اور سونیا گاندھی کو لے کر زبانی جنگ شروع ہو گئی ہے۔سمبت پاترا کے ”کالے انگریز“ پر سونیا گاندھی کوگھیرنے کے بعد اب نوجوت سنگھ سدھو نے جوابی حملہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی مینڈک کی طرح سمبت پاترا ٹرر-ٹررکرتے ہیں۔سدھونے مدھیہ پردیش میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ٹویٹ کرکے کہاہے کہ موسمی مینڈک کی طرح سمبت پاترا ٹرر-ٹرر کرتے ہیں۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ موسمی مینڈک جب ٹررٹررٹررکرتا ہے کویل خاموش رہتی ہے۔ ہاتھی چلے بازار، آوازیں آئیں ایک ہزار۔ سدھونے پی ایم مودی پر بھی نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں جب شیوراج سنگھ کی حکومت تھی تب یہ ریاست ریپ میں نمبر ون تھی جبکہ ہمارے پی ایم مودی خواتین کو بااختیار بنانے کی بات کرتے ہیں۔بتا دیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں کی گئی نوجوت سنگھ سدھو کے تبصرہ کے لئے کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے بی جے پی نے ہفتہ کو کہا تھا کہ سدھو مودی جی کاموازنہ”سیاہ انگریز“ سے کرتے ہیں، تو کیا سونیا گاندھی ہندوستانی ہیں؟ بی جے پی ترجمان سمبت پاترانے صحافیوں کو بتایاہے کہ سدھونے مودی جی اور ہندوستانیوں کوسیاہ انگریزکہاہے، میں آپ سے پوچھتا ہوں، مودی جی سیاہ انگریز اور سونیا جی ہندوستانی؟ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ مودی جی سیاہ ہیں تو کیا ہوا دلوالے ہیں، مودی جی کالے ہیں تو کیا ہوا غریبوں کے رکھوالے ہیں۔






