این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ۔ تمام اتحادیوں نے نریندر مودی کو لیڈر منتخب کرلیا

نئی دہلی25مئی ( آئی این ایس انڈیا )
لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کے بعد این ڈی اے کے تمام اتحادیوں نے مل کر نریندر مودی کو اپنا لیڈر منتخب کر لیا ہے۔ مرکزی ہال میں ملاقات کے دوران بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے نریندر مودی کے نام کی تجویز پیش کی ۔ جس کے بعد سب سے پہلے اس تجویز پر راج ناتھ سنگھ اور پھر نتن گڈکری نے اپنی مہر لگائی۔ان دونوں رہنماو¿ں کے بعد شرومنی اکالی دل کے رہنما پرکاش سنگھ بادل اور بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار نے اپنی حمایت دی ۔ حمایت دینے والوں میں شیوسینا کے قومی صدر ادھو ٹھاکرے بھی شامل تھے۔ جس کے بعد لوجپا کے صدر رام ولاس پاسوان اورکئی اتحادی پارٹیوں کے لیڈروں نے امت شاہ کی اس تجویز پر اپنی حمایت کا اظہار کیا۔پارلیمانی پارٹی کے لیڈر منتخب ہونے کے بعد تمام اتحادی جماعتوں کے بڑے لیڈروں نے نریندر مودی کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے مبارک باد پیش کی ۔اس دوران مودی نے پارٹی کے بزرگ لیڈر لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی پاو¿ں چھو کر آشیرواد حاصل کیا۔