بنگلور ( فرقان احمد۔ ملت ٹائمز )
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی جانب سے 8تا29اپریل 2017 “دہشت کی سیاست کے خلاف متحد ہوں “کے نعرے کے تحت چلائی جانے والی ملک گیر مہم کا افتتاحی عوامی اجلاس شہر بنگلور کے امبیڈکر بھون میں انعقاد کیا گیا۔ قومی مہم کے افتتاحی اجلاس کی صدارت ایس ڈی پی آئی قومی صدر اے سعید نے کی ۔ اجلاس میں ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین، قومی جنرل سکریٹریان محمد شفیع، الیاس تمبے، افسر پاشاہ اور قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر عواد شریف اور کرناٹک کے ریاستی عہدیداران شریک رہے۔مہمان خصوصی کے طور پر ملک کے ممتاز عالم دین اور مفکر مولانا سجاد نعمانی شریک رہے۔ اجلاس میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی صدر عبد الحنان نے اپنے استقبالیہ تقریر میں کہا کہ جو ہندوستان سارے جہاں سے اچھا تھا ، جس کی جمہوریت پر ہمیں ناز تھا آج وہ ہندوستان ٹوٹتا ہوا نظر آرہا ہے۔آج پولیس تھانے مظلوم طبقات کے لیے ظلم ڈھانے کے مراکز بن چکے ہیں۔ ملک میں ایک مخصوص طبقہ کے لوگ قانون کو ہاتھ میں لیکر اس ملک کی جمہوریت کو مسخ کرنے پر تلے ہیں۔ آ ج ملک کے ایوانوں میں جو قوانین منظور ہورہے ہیں اس سے لگ رہا ہے کہ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی اور ایک مخصوص طبقہ کی نظریات کو ملک میں نا فذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بلا تفریق مذہب و ملت ملک کے تمام مظلوم و محروم طبقات کو انصاف دلانے کے لیے ایس ڈی پی آئی کمر بستہ ہوچکی ہے اور اس عزم کے ساتھ میدان میں سرگرم ہے کہ ہم ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کریں گے اور اس خواب کو پورا کریں گے جو اس ملک کو اپنے خون اور جان و مال کی قربانیوں سے آزاد کرانے والے مجاہدین آزادی نے دیکھی تھی۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر اے سعید نے اس مہم کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے صدارتی خطا ب میں کہا کہ اس مہم کو ہندوستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہمارا ملک ایک الگ راستے پر چل رہا ہے۔ ہندوتوا کے نام پر حملے ہورہے ہیں۔ گؤ رکشا کے نام پر اقلیتوں پر ظلم ڈھایا جارہا ہے۔ قانون کی حفاظت کرنے والے خود قانون کی پامالی کررہے ہیں۔ نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے ملک کے عوام کے درمیان نفرت پیدا کیا جارہا ہے۔ ہمارے ملک میں فسطائی طاقتیں مضبوط ہوچکی ہیں۔ وقت کا تقاضا کا ہے کہ ملک میں فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کے لیے تمام سیکولر لوگوں کو متحد ہونا ہوگا۔جس کے لیے ایس ڈی پی آئی مسلسل سرگرم رہے گی۔ آ ج ملک کے مسلمان ڈر کے ماحول میں جینے پر مجبور ہیں۔ حکومتیں مسلمانوں کو ڈرا کر ان کو اپنے حقوق سے محروم رکھنا چاہتی ہے۔ ملک کے سیکولر پارٹیوں کو بھی کمزور کر دیا گیا ہے ۔ جس کی تازہ مثال اتر پردیش کے انتخابی نتائج ہیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM)کے ذریعے انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ایمانی کی گئی ہے۔ اس کے تعلق سے ہمیں سوچنا چاہئے اور EVM سسٹم کو ہٹانے کے لیے کوشش کرنا چاہئے۔ آج ملک کے دلتوں، پچھڑے طبقا ت اور مسلمانوں کو دبانے کے لیے ان کے خلاف کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ نا انصافی، ظلم اور ظالم حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوکر متحدہ طور پر آواز اٹھانا ہوگا اور اپنے حقوق کو حاصل کرنے کے لیے میدان میں آنا پڑے گا۔ آج سب کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے اور ہمارے ملک سے دہشت کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔ بنگلور شہر کے جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا مقصود عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ ا س ملک میں ہم کرایہ دار نہیں ہیں۔ اس ملک کی آزادی کے لیے براداران وطن سے زیادہ ہم نے اپنے جان و مال کی قربانیاں دیکر اس ملک کو آزادکرایا ہے۔ اس ملک میں ہم امن و امان چاہتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم بزدل ہیں ۔ وقت آنے پر ہم امن کے ساتھ اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ مہمانان خصوصی مولانا سجاد نعمانی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ آ ج ملک میں جو حالات ہیں اس کو جذباتی انداز میں نہیں بلکہ حکمت عملی کے ساتھ سامنا کرنا ہے۔ اسلام ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے کہ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے مظلوموں کو انصاف دلانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی لیڈران اور کارکنان جو ملک میں انصاف قائم کرنے کے لیے جو تحریکات چلارہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ مسلمان اگر اپنے مخلص رہنماؤں کا ساتھ نہیں دیں گے تو اس سے ان کو شکست اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے اجلاس میں شریک خواتین سے اپیل کیا کہ وہ اپنے نوجوان بچوں کے اند ر بلند عزائم پیدا کریں اور وقت آنے پر حجاب کی پوری پابندی کے ساتھ میدان میں اتر آئیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک پر ہمارا پورا حق ہے۔ ہمیں مایوس ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ ہم اگر حکمت عملی کے ساتھ ملک کے تمام مظلوم طبقات کو ساتھ لیکر چلیں گے تو ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکیں گے۔ اجلاس میں ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد ،پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر محمد ثاقب نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کے اختتام میں ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالحنان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین سمیت پارٹی کارکنان اور عوام شریک رہے۔