نئی دہلی(ملت ٹائمز )
صدر پرنب مکھرجی نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام حصوں میں امن پسند ممالک کو ضروری اور وسیع اقدامات کے ذریعہ دہشت گردی کی تمام شکلوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔کل یہاں صدارتی محل میں آسٹریلیائی وزیر اعظم میلکم ٹرنبل سے ملاقات کے دوران پرنب نے اس بات پر زور دیا۔پرنب نے کہاکہ یہ تسلی بخش ہے کہ دہشت گردی کے چیلنجوں پر ہمارے لوگوں میں باقاعدہ مذاکرات ہوتے رہتے ہیں ۔آج جاری ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیاہے کہ ہندوستان اپنے رخ پر قائم رہا ہے کہ دہشت گردی کو کسی بھی صورت میں صحیح نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور دنیا کے تمام حصوں میں امن پسند ممالک کی جانب سے ضروری اور وسیع اقدامات کے ذریعے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور اس کے نتائج کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔صدر نے کہاکہ صاف توانائی کے استعمال کو بڑھانے اور جیواشم ایندھنوں کو بچانے کی ہماری کوششوں کے تحت اپنی کل توانائی ذخیرہ کے سلسلہ میں ہندوستان کو جوہری توانائی کی مقدار بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اس عمل میں آسٹریلیائی یورینیم فراہمی کے لیے اہم کردار دیکھتا ہے۔ہندوستان اس سمت میں آسٹریلیا کی کوششوں کی تعریف کرتا ہے۔آسٹریلیا میں 60000سے زیادہ ہندوستانی طلباء کے زیر تعلیم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔