اب روز طے ہوں گی پٹرول ، ڈیزل کی قیمت، یکم مئی سے 5شہروں میں پائلٹ پروجیکٹ

نئی دہلی (ملت ٹائمز )
مرکزی حکومت کی نئی تیاری کی وجہ سے یکم مئی سے ملک کے 5شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی، فی الحال پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 15دنوں کے وقفے پر طے کی جاتی ہیں۔مرکزی حکومت کے منصوبہ کے مطابق پورے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ڈیلی ڈائنا مک پرائسنگ کی بنیاد پر کی جانی ہے۔نیوز ایجنسی رائٹر کے مطابق یکم مئی سے پڈوچیری، وائجگ، ادے پور ، جمشید پور اور چنڈگڑھ میں اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں روزانہ صبح مقرر کی جائیں گی۔ان شہروں میں یہ اسکیم ایک پائلٹ پروجیکٹ کے تحت لاگو کی جا رہی ہے۔ان شہروں میں اس کی کامیابی کے بعد اس اسکیم کو پورے ملک میں لاگو کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔غور طلب ہے کہ ابھی تک ملک میں سرکاری تیل کمپنیاں بین الاقوامی کرنسی مارکیٹ اور خام تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کو بنیاد مانتے ہوئے ہر 15دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں مقرر کرتی ہیں۔ہندوستان میں سرکاری تیل کمپنیاں ، انڈین آئل، بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم پٹرول اور ڈیزل ریٹیل کا 90فیصد کاروبار کرتی ہیں۔ان پانچ شہروں میں ان کمپنیوں کا تقریبا 200پٹرول، ڈیزل پمپ ہے جو روزانہ صبح نئی مقررہ قیمت کے مطابق پٹرول اور ڈیزل فروخت کریں گی۔پورے ملک میں اس اسکیم کو لاگو کرنے کے لیے تیل کمپنیوں نے ان پانچ شہروں کا انتخاب کیا ہے ،جس سے روزانہ نئی قیمت پر پٹرول ،ڈیزل کی فروخت میں آنے والی عملی پریشانیوں کو سمجھا جا سکے اور پورے ملک میں اسکیم کو لاگو کرنے سے پہلے ایسی دقتوں کو دور کیا جا سکے۔

SHARE