اس ادارے کا مقصد فضلاء مدارس کو حالات کے تقاضوں کے مطابق تیار کرناہے
مرکز المعارف اور ملحق اداروں کے داخلہ امتحان کے موقع پر ڈائریکٹر مولانابرہان الدین قاسمی کا ملت ٹائمزکے بیوروچیف سمیر چودھری خصوصی اظہار خیال
دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
ممبئی کے معروف ادارہ مرکزالمعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹرممبئی اور اس سے ملحق اداروں کے ’ دوسالہ ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر‘ کورس میں داخلہ کے خواہش مند طلباء مدارس کا تحریری امتحان آج یہاں عیدگاہ روڈ پرواقع ہیرا گارڈن میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر سے دینی مدارس کے تقریباً ایک ہزار سے زائد طلباء نے شریک ہوئے۔ اس سلسلہ میں مرکز المعارف کے ڈائریکٹر مولانا برہان الدین قاسمی نے نامہ نگار کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مرکز المعارف گزشتہ 23؍ سالوں سے مسلسل فضلاء مدارس کو حالات حاضرہ کی ضرورت کے لئے تیار کررہاہے اور اب اس ادارے سے ملک کے مختلف صوبوں میں دوسرے ادارے منسلک ہورہے ہیں ،جس میں آسام،گجرات،حیدر آباد،چمپارن،کرناٹک،مظفرآباد سہارنپور،روڑکی وغیرہ کے نام شامل ہیں ،مرکزالمعارف کے ساتھ ان تمام اداروں میں داخلے کے لئے آج 2؍ گھنٹے کے پرچے میں ملک بھر کے ایک ہزار سے زائد فضلاء مدارس نے شرکت کی ،امتحان میں دارالعلوم دیوبند،دارالعلوم وقف،ندوۃ العلماء اور مظاہر علوم سہارنپور کے علاوہ لکھنؤ،مرادآباد،حیدر آباد،کرناٹک، بہار،بنگال اور آسام وغیرہ سمیت ملک دیگر اداروں سے سینکڑوں طلباء شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ داخلہ امتحان میں شرکت کے لئے کسی مدرسہ یا جامعہ سے فارغ التحصیل ہونا شرط ہے۔ مرکزالمعارف اور اس سے ملحق اداروں میں داخل طلباء کو دوسالہ کورس کے دوران انگریزی زبان و ادب،کمپیوٹر،انٹر نیٹ کی تعلیمات اور تحریر و تقریر کے ذریعہ دین اسلام کے دفاع اور تبلیغ و اشاعت کے لئے تیار کرناہے ۔ انہوں نے بتایاکہ رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل کی زیر نگرانی چلنے والے اس ادارے کامقصد انگریزی صحات میں معتبر اور باصلاحیت ٹیم بنانا اور علماء کا ایسا گروپ تیار کرناہے جو وقت اورملت کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی،سماجی اور مذہبی میدانوں میں مسلمانوں کی صحیح رہنمائی کرسکے۔ انہوں نے بتایاکہ مرکز اور اس سے ملحق اداروں سے ابھی تک تقریباً 2؍ ہزار طلباء فارغ ہوکر ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دینی، علمی ،ملی ،سماجی ،سیاسی اور صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آج کے امتحان میں تقریبا ایک ہزار سے زائد طلبہ شرکت کررہے ہیں جن کے نتائج بعد نماز جمعہ منظر عام پر آجائینگے جس کے بعد کامیاب طلباء کا تقریری امتحان کاعمل شروع ہوگا،کل 187؍طلباء کو داخلہ دیا جائیگا جبکہ 90؍طلباء کو ووٹنگ لسٹ میں رکھا جائیگا۔ دوران امتحان مرکز المعارف کے نیشنل کورڈی نیٹر مولانا مدثر احمد قاسمی،ملت ٹائمز کے ایڈیٹر مولانا شمس تبریز قاسمی ،مفتی محمد اللہ قاسمی، مولانا توقیراحمد قاسمی،مفتی محمد اسعد قاسمی،مولانا حفظ الرحمن قاسمی، مولانا امیر اقبال ندوی،مولانا ثناء اللہ قاسمی، مولانا شہباز قاسمی، مولانااسجد قاسمی،مولانا جمشید عادل، مولانا سمیع اللہ قاسمی ،مولانا مسعود عزیزی ،مفتی سلمان دانش قاسمی ،مولانا عبد الملک قاسمی ،مولانا حمید اللہ قاسمی ،مولانا عثمان ندوی ،مولانا ریاض قاسمی ،مولانا امجد قاسمی ،مولانا محمد معاویہ ،مولانا اسجد قاسمی وغیرہ بطور نگراں موجودرہے۔