لکھنؤ :(ملت ٹائمز)
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اپنے چھوٹے بھائی آنند کمار کو پارٹی کا نائب صدر بنانے کا آج اعلان کیا اور بی جے پی کے خلاف جارحانہ تیور اپناتے ہوئے بی جے پی مخالف پارٹیوں سے ہاتھ ملانے کا اشارہ بھی دیا ۔مایاوتی نے یہاں امبیڈکر جینتی پر منعقد پارٹی کے ایک پروگرام میں کہاکہ میں نے اس شرط کے ساتھ آنند کمار کو اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ لیا ہے کہ وہ پارٹی میں ہمیشہ بے لوث جذبے سے کام کرتا رہے گا اور کبھی بھی ایم پی، ایم ایل اے ، وزیریا وزیر اعلی وغیرہ نہیں بنے گا۔اسی شرط کی بنیاد پر آج میں اس کو پارٹی کا قومی نائب صدربنانے کا اعلان کر رہی ہوں۔بی جے پی پر 2014کے لوک سبھا اور 2017کے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ای وی ایم کے ساتھ چھیڑچھاڑ کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کی جمہوریت کی حفاظت کے لیے میں قدم پیچھے کھینچنے والی نہیں ہوں، ہماری پارٹی بی جے پی کے ذریعہ ای وی ایم کے چھیڑچھاڑ کے خلاف مسلسل جدوجہد کرتی رہے گی اور اس کے لیے بی جے پی مخالف جماعتوں سے بھی ہاتھ ملانا پڑا، تو اب ان کے ساتھ بھی ہاتھ ملانے سے گریز نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی تحریک کے مفاد میں زہر کو زہر سے مارنے کی بنیاد پر چل کر ای وی ایم کے ساتھ چھیڑچھاڑ کوروکنا بہت ضروری ہے۔مایاوتی نے لکھی ہوئی تقریر پڑھنے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 1996میں ان کے گلے کا بڑا آپریشن ہوا تھا اور مکمل طور خراب ہو چکا ایک گلینڈ ڈاکٹروں نے نکال دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بغیر لکھی ہوئی تقریر کرنے میں بلندآواز سے بولنا پڑتا ہے لیکن ڈاکٹروں نے ایسا نہ کرنے کی صلاح دی ہے۔