جمعہ کی نماز کے بعد دہلی کی 60سے زائد مساجد میں تقسیم کئے گئے پرچے
پی ایم کے ’’سب کا ساتھ سب کے وکاس ‘‘ نعرہ کا ساتھ دیں مسلمان:عاطف رشید
نئی دہلی(ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تیاری میں مصروف بی جے پی نے مسلمانوں کے درمیان پہنچ بنانی شروع کر دی ہے۔ ریاستی بی جے پی اقلیتی مورچہ نے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں آنے والی فتح پوری مسجد کے باہر پرچے تقسیم کئے ۔پرچے تقسیم کرنے کا وقت خاص طور پر جمعہ کی نماز کے بعد رکھا گیا تاکہ نماز ادا کر کے باہر نکل رہے مسلمانوں کے درمیان یہ پرچے تقسیم کئے جاسکیں۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ یہ پرچے تقسیم کرنے والے بھی درجنوں مسلم کارکن ہی تھے اور لینے والے بھی مسلمان۔اب ووٹ چاہے جس پارٹی کو دیں، لیکن ان پرچوں کو لیتے وقت مسلمانوں میں ایک امید بھری مسکراہٹ ضرور نظر آئی۔دراصل اتر پردیش کے انتخابات میں بی جے پی کی بڑی فتح کے پیچھے یہ خبر آنے کے بعد کہ مسلم اکثریتی علاقوں میں مسلمانوں نے بھی بڑی تعداد میں بی جے پی کو ووٹ دئے ہیں اس سے بی جے پی کے حوصلے بڑھ گئے ہیں اور بی جے پی بھی اب مسلمانوں میں اپنی پہونچ بنانے میں مصروف ہے۔یہاں بھی پر چے تقسیم کرتے وقت بی جے پی کے مسلم کارکن بھی یہی کہتے نظر آئے کہ ووٹ دینا آپ کاحق ہے خواہ کسی کو بھی دیں لیکن ایک مرتبہ اسے پڑھیں ضرور۔ بڑی بات یہ بھی تھی کہ پرچے اور پمفلیٹ بانٹنے کی یہ مہم پوری دہلی میں قریب 60 مساجد میں شروع کی گئی۔ ریاستی بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر عاطف رشید کہتے ہیں کہ ہم نے لوگوں کو یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ کس طرح کانگریس اور عام آدمی پارٹی بدانتظامی اور بدعنوانی میں ملوث ہے۔ وہ مکمل طور پر عوام مخالف پارٹیاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے مسلم بھائیوں سے بھی اپیل کی ہے کہ آپ پورے ملک کے مقبول وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘سب کا ساتھ سب کا وکاس’ نعرے کا احساس کرئے اور ایک بار بی جے پی کی کھل کر حمایت کیجیے، بی جے پی آپ کو ملک کی مین اسٹریم سے جوڑنے کا کام کرے گی۔غور طلب ہیکہ ان پرچوں میں دہلی کے باشندوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت حکومت کے دوران دولت مشترکہ کھیلوں میں ہوئے مبینہ اسکینڈل، جل بورڈ ٹینکر اسکینڈل کے ساتھ عام آدمی پارٹی کی خرابیاں بھی گنائی گئیں ہیں،. اس کے علاوہ گزشتہ سال جے این یو،اور ابھی حال ہی میں ڈی یو میں ہوئی ملک مخالف سرگرمیوں اور کیجریوال حکومت کے وزراء کی طرف سے خواتین کے استحصال کا ذکر کیا گیا ہے۔ساتھ ہی بی جے پی کے دور حکومت میں دہلی میونسپل کارپوریشن میں ہوئے کاموں کو بیان بھی کیا گیا ہے. جن میں سڑکیں بنوانے، ایل ای ڈی لائٹ لگوانے، شمسی توانائی، اسکولوں میں مڈ ڈے میل اور انشورنس کا بھی ذکر کیا گیا ہے جبکہ مرکز کی مودی حکومت کے کاموں کا سہار بھی لیا گیا ہے۔





