ہندوستان میں ہندی کے آنے والے ہیں اچھے دن؟

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
صدر پرنب مکھرجی کی جانب سے قبول کی گئی ایک پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو اگر عمل میں لایا جاتا ہے، تو صدر اور وزراءسمیت معزز لوگوں کو جلد ہی ہندی میں تقریرکرنا پڑ سکتا ہے ۔پرنب نے قومی زبان پر پارلیمنٹ کی کمیٹی کی 9ویں رپورٹ میں کی گئی زیادہ تر سفارشات کو قبول کر لیا ہے ، یہ رپورٹ 2011میں سونپی گئی تھی۔ایک سرکاری حکم نامہ کے مطابق، کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ صدر اور وزراءسمیت تمام معزز شخصیات، خاص طور پر ہندی پڑھنے اور بولنے کے قابل لوگوں، سے درخواست کی جا سکتی ہے کہ وہ اپنی تقریر یا بیان ہندی میں ہی دیں۔صدر نے کئی دوسری سفارشات کو بھی قبول کرلیا ہے، جن میں ہندوستانی فلائٹ میں پہلے ہندی اور پھر انگریزی میں اعلانات کرنے ہوں گے ۔پرنب کی جانب سے قبول کی گئی کمیٹی کی سفارش کے مطابق، طیاروں میں ہندی اخبارات و رسائل ہونے چاہیے ، کیونکہ ایئر لائنز میں ہندی کو پوری طر ح سے نظر انداز کیا جا تا ہے۔شہری ہوا بازی کی وزارت سے کہا گیا ہے کہ وہ ان سفارشات پر عمل کو یقینی بنائے۔