غیر مسلموں تک اسلامی تعلیمات کو پہونچانے میں ہم ناکام ثابت ہورہے ہیں ،اسلام کی سچی ترجمانی ہمارا اہم فریضہ :مفتی محفوظ الرحمن عثمانی

نئی دہلی(ملت ٹائمزمحمد شہنواز ناظمی)
اسلام ایک دائمی اور ہمیشہ رہنے والا مذہب ہے ،اس کی تعلیمات تمام امور پر مشتمل ہے ،اسلامی تعلیمات میں پوری انسانیت کی بھلائی کا راز مضمر ہے، اسلام کی تعلیمات صرف مسلمانوں کیلئے نہیں ہے بلکہ پوری انسانیت اور پوری قوم کیلئے ہے ،مسلمانوں کو غیر مسلموں کے درمیان اسلام کی صحیح تعلیم پہونچانے کا حکم دیاگیا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ ہم اپنے اس مشن میں ناکام ہیں اورغیر مسلموں تک اسلام کی صحیح تعلیم نہیں پہونچ سکی ہے ،ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کے دوران معروف عالم دین،ناموس رسالت کے علمبر دار مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی صاحب بانی ومہتمم جامعة القاسم دارالعلوم الاسلامیہ نے کیا ،انہوں نے مزیدکہاکہ مسلمانوں نے غیر مسلموں کے درمیان تبلیغ کے مشن کو فراموش کردیا ہے اور وہ اسلام کی صحیح تعلیم دوسروں تک پہونچانے میں ناکام ہیں ،انہوں نے یہ بھی کہاکہ اسلام کے خلاف ہونے والے اعتراضات کی ایک اہم وجہ اسلامی تعلیمات سے عدم واقفیت اور درست جانکاری کا نہ ہونا بھی ہے ، مفتی محفوظ الرحمن عثمانی صاحب نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ بسا اوقات میڈیا اور دیگر مواقع پر لوگ اسلامی تعلیمات کے بارے میں درست معلوم نہ ہونے کی وجہ سے بھی اسلام پر تنقید کرتے ہیں ۔
اس موقع پر موجود مدینہ منورہ سے تشریف لائے مہمان محترم اور مشہور عالم دین حضرت مولانا حکیم عثمان مدنی قاسمی صاحب نے کہاکہ اسلام ایک وسیع اور آفاقی مذہب ہے ،یہ کسی خاص قوم اور علاقہ کیلئے مخصوص نہیں ہے،اس مذہب کو اپنائے بغیر کامیابی نہیں مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلموں کے درمیان تبلیغ اور درست معلومات پہونچانا  اہم اور بنیادی فریضہ ہے لیکن حالیہ دنوں میںمسلمان اس ذمہ داری کی ادائیگی میں مسلسل کوتاہی برت رہے ہیں ،اس موقع پر موجود ماہرتعلیم جناب ڈاکٹر توحید عالم ڈائریکٹر تاج میڈیا کمپنی نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلام ایک آفاقی اور عالمگیر مذہب ہے اور اسلام سے بہتر کسی اور مذہب کی تعلیم نہیں ہوسکتی ہے ،جولوگ بھی اسلام کے خلاف بولتے ہیں یا اعتراض کرتے ہیں، وہ حقائق جانتے ہوئے محض تعصب کی بناپر ایسا کرتے ہیں لیکن بہت سارے لوگ عدم واقفیت کی بنا پر بھی اسلام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور اسلامی کی حقیقت پر مبنی تعلیم کو اس انداز سے پیش کرتے ہیں جیسے لگتاہے کہ سب سے غلط اسلام ہے ،انہوں نے کہاکہ اہل علم اور خصوصا مدارس کے طلباءاور فضلاءکو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔