ریاست میں کانگریس کے وزیر اعلی کا چہرہ کون ہوگا ، اعلان کیا جائے :سندھیا

بھوپال ،20؍اپریل (آئی این ایس انڈیا )
2018کے لیے مدھیہ پردیش میں کانگریس میں انتخابی بساط بچھانی شروع ہو گئی ہیں، جہاں بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ہی اگلے وزیراعلی کا چہرہ ہونے والے ہیں، لیکن کانگریس میں ابھی کچھ طے نہیں ہیں کہ ریاست میں کانگریس پارٹی کی جانب سے وزیر اعلی کا چہرہ کون ہوگا۔اس درمیان جمعرات کو کانگریس لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ڈیڑھ سال بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات کو جیتنے کے لیے کانگریس کو وزیر اعلی کا قابل اعتماد چہرہ پروجیکٹ کرنا چاہیے ۔سندھیا خود بھی اس کے لیے ایک مضبوط دعویدار مانے جارہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ وزیر اعلی کا چہرہ پروجیکٹ کرنا اور مضبوط تنظیم دونوں ہی اس انتخاب میں کانگریس کو مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔لوک سبھا میں کانگریس کے چیف وہپ سندھیا نے بتایاکہ میں نے یہ پہلے بھی کہا تھا اور میرا خیال ہے کہ موجودہ سیاسی منظر نامے میں پارٹی کو مدھیہ پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلی کا قابل اعتماد چہرہ پروجیکٹ کرنا چاہیے ، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ صرف وزیر اعلی کا چہرہ پروجیکٹ کر دیا جائے ، ہمیں اپنی تنظیم کو بھی مضبوط کرنا ہے، ہمیں ایسے شخص کو وزیر اعلی کا چہرہ بنانا چاہیے، جو نئی توانائی اور جوش کے ساتھ سب کو متحد کرنے کے لائق ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بھی کانگریس کو حالیہ انتخابات کی طرح وزیر اعلی کاچہرہ پرو جیکٹ کرنا چاہیے ۔سندھیا نے بتایا کہ کانگریس نے پنجاب میں اسمبلی انتخابات سے پہلے کیپٹن امریندر سنگھ کو وزیر اعلی کا چہرہ پروجیکٹ کیا تھا اور اسی کی وجہ سے وہاں پر کانگریس اقتدار میں آئی۔مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات اگلے سال اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ہیں، اپنے روایتی گڑھ چمبل علاقے کے اٹیر اسمبلی ضمنی انتخابات میں حال ہی میں کانگریس کی اتحاد کی وجہ سے پارٹی امیدوار ہیمنت کٹارے کو ملی جیت سے پرجو ش سندھیا نے کہاکہ ہمیں سیاست سے اوپر اٹھ کر صرف اسی امیدوار کو کانگریس کا ٹکٹ دینا چاہیے ، جو جیتنے کے لائق ہو۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ذہن میں یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ یہ میرا امیدوار ہے یا تیرا امیدوار ہے، بلکہ ہمیں آگے بڑھنے کے لیے مکمل کانگریس پارٹی کو ایک خاندان کے طور پر سمجھنا چاہیے ۔سندھیا نے دعوی کیا کہ مدھیہ پردیش کیے عوام بھی بی جے پی کی حکومت سے ناراض ہے اور وہ بھی اقتدار میں تبدیلی چاہتی ہے۔
SHARE