سپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو ہوٹل تاج مان سنگھ کی ای نیلامی کی منظوری دی

نئی دہلی، (ملت ٹائمز ایجنسیاں)
سپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو قومی دارالحکومت کے بیچوں بیچ میں واقع ہوٹل تاج مان سنگھ کی ای نیلامی کی آج منظوری دے دی۔فی الحال ٹاٹا گروپ کی انڈین ہوٹل کمپنی لمیٹڈ(آئی ایچ سی ایل) اس کوچلارہی ہے۔سپریم کورٹ کے جج پی سی گھوش اور جسٹس آریف نریمن کی بنچ نے نئی دہلی میونسپل کونسل کی درخواست کو منظور کر لیا کہ ٹاٹا گروپ کی کمپنی کے پاس ہوٹل کی ای نیلامی سے انکار کرنے کا حق نہیں ہو سکتا۔بنچ نے حالانکہ این ڈی ایم سی سے کہا کہ اگر ٹاٹا گروپ ای نیلامی میں ہار جاتا ہے تو وہ ہوٹل خالی کرنے کے لیے کمپنی کو 6 ماہ کا وقت دے۔بنچ نے یہ بھی کہا کہ این ڈی ایم سی کے لیے اس تاریخی جائیداد کی ای نیلامی کرتے وقت ٹاٹا گروپ کی کمپنی آئی ایچ سی ایل کی بے داغ تاریخ کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے ۔این ڈی ایم سی نے 3 ؍مارچ کو سپریم کورٹ سے کہا تھا کہ وہ ہوٹل کی ای نیلامی کرنا چاہتا ہے۔ عدالت عظمی نے ہوٹل کی نیلامی منظور کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے پر آئی ایچ سی ایل سے ایک ہفتے کے اندر اپنے اعتراضات، اگر کوئی ہو، تو انہیں داخل کرنے کے لیے کہا تھا۔آئی ایچ سی ایل نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ این ڈی ایم سی اس پراپرٹی کو نیلام کیوں کرنا چاہتی ہے جس نے اسے بہترین ریونیو دیا ہے۔کمپنی نے کہا کہ این ڈی ایم سی کے ماہرین کی رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ اگر ہوٹل کو کسی دوسری پارٹی کو نیلام کیا گیا تو کونسل ریونیو کھودے گا ۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 21؍نومبر کو اپنے حکم میں ہوٹل تاج مان سنگھ کی نیلامی میں جوں کی توں صورت حال برقرار رکھنے کو کہا تھا۔آئی ایچ سی ایل نے ہوٹل کی نیلامی کو ہری جھنڈی دینے والے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمی میں 8 ؍نومبر کو اپیل کی تھی۔غور طلب ہے کہ یہ این ڈی ایم سی کی ملکیت ہے جسے آئی ایچ سی ایل کو 33سال کی لیز پر دیا گیا تھا۔لیز کی یہ مدت 2011میں ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد کئی بنیادوں پر کمپنی کو 9 عارضی توسیع دی جا چکی ہے ، جن میں سے تین توسیع تو گزشتہ سال ہی دی گئی تھی۔
SHARE