مولانا نور عالم خلیل امینی کے دل کا آپریشن کامیاب رہا، صحت یابی کیلئے دعاؤں کا اہتمام

نئی دہلی (ملت ٹائمز /شہنواز ناظمی )

بین الاقوامی شہرت یافتہ عالم دین و ادیب،ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ ادبِ عربی مولانا نور عالم خلیل امینی چیف ایڈیٹر ’الداعی‘دیوبند ان دنوں سخت علیل ہیں۔اطلاع کے مطابق ابھی دہلی کے مشہور اسپتال’ اسکورٹ ‘میں ان کے دل کی بائی پاس سرجری ہوئی ہے، مولانا کے صاحبزادے ثمامہ نور نے ملت ٹائمز کے نمائندہ کو بتایا کہ الحمد اللہ والد محترم کا آپریشن کامیاب رہا اور صبح تک ہوش آنے کی امید ہے ۔
واضح رہے کہ مولانا کی صحت یابی اور کامیاب آپریشن کے لئے ملک و بیرون ملک میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہاہے۔دنیا بھر میں پھیلے آپ کے ہزاروں شاگرد،علماء ،ائمہ اور مدارس و مکاتب کے ذمہ دار سمیت عزیزو اقارب ان کی شفایابی کے لئے دعا کر رہے ہیں۔جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول کے بانی و مہہتم مفتی محفوظ الرحمن عثمانی، خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی ،ڈاکٹر ذوالفقار مدنی،مولانا اشرف علی قاسمی،جناب منظور عالم ،ڈاکٹر منورعالم مظفر قاسمی،ماسٹر نقی الرحمن،مولانا رضوان الحق قاسمی، مولانا حسان جامی ۔مولانا نسیم احمد اور آپ کے بہت سے شاگرد، عزیز مدارس کے اساتذہ کرام اور اہل علم نے شوسل میڈیا،فیس بک اور وہاٹس ایپ کے توسط سے دعا کی اپیل کی ہے۔ ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی قاسمی اور پوری ٹیم بھی مسلسل صحت یابی کیلئے دعا گو ہے
واضح رہےکہ مولانا نور عالم خلیل امینی کئی دہائیوں سے دارالعلوم دیوبند میں تدریسی اور دارالعلوم عربی مجلہ الداعی کی ادارتی ذمہ داری کو سنبھال رہے ہیں۔درجنوں عربی اور اردو زبان میں لکھی گئی آپ کی کتابیں دنیا بھر میں مشہور ہیں کئی کتابیں شامل نصاب ہیں۔مولاناکے مضامین بہت ہی معلوماتی اور تحقیقی کے ہوتے ہیں،زبان و بیان میں سلاست ،تنوع اوراسلوب میں ایسی چاشنی ہوتی ہےکہ قارئین پڑھنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ مولانا کو مکمل شفاء ،صحت کاملہ اور لمبی زندگی عطا فرمائے۔آمین