امانت اللہ خان تو مکھوٹا ہیں: کمار وشواس،پارٹی ایک یادو شخص کی نہیں ہے :سسودیا

نئی دہلی، (ملت ٹائمز،ایجنسیاں)
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر کمار وشواس نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ امانت اللہ تو مکھوٹا ہیں، ان کے پیچھے سے کوئی اور بول رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ ملک، فوج کا ہوگا تو بولوں گا، میں اپنے ویڈیو کے لیے کسی سے معافی نہیں مانگوں گا، مجھے نہ وزیر اعلی اور نہ ہی نائب وزیر اعلی بننا ہے، میں اپنی آواز بند نہیں کروں گا، میں آج رات سوچوں گا، پھر فیصلہ کروں گا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمار وشواس جذباتی بھی ہو گئے۔دراصل، امانت اللہ پر کارروائی نہ ہونے سے کماروشواس ناراض ہیں۔اس کے کچھ دیر بعد دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کمار وشواس کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کمار کو جو بھی کہنا ہے، وہ پی اے سی میں کہیں، وہ ٹی وی پر بیان بازی نہ کریں، وشواس اسے ذاتی جنگ نہ بنائیں، ان سے معافی مانگنے کو نہیں کہا گیاہے، کارکنوں کا حوصلہ نہ توڑیں، یہ پارٹی ایک یا دو لوگوں کی نہیں ہے، میں خود ان سے ملنے گیا اور اروند کیجریوال نے تو تین گھنٹے تک ان سے بات کی۔غورطلب ہے کہ ایم سی ڈ ی انتخابات میں شکست کے بعد عام آدمی پارٹی میں اختلاف کا سلسلہ جاری ہے۔اوکھلا سے پارٹی کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان نے پارٹی کی سیاسی معاملات کی کمیٹی (پی اے سی)سے پیر کو استعفی دے دیا تھا۔واضح رہے کہ امانت اللہ نے پارٹی لیڈر کمار وشواس پر سنگین الزامات عائد کیا تھا ، جس کے بعد پارٹی کی پی اے سی کی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔پارٹی کی پی اے سی نے امانت اللہ خان سے الزامات کو لے کر ناراضگی کااظہار کیاتھا ، جس کے بعد انہوں نے استعفی دے دیا تھا۔پی اے سی کی میٹنگ کے بعد منیش سسودیا نے بتایا کہ میٹنگ میں امانت اللہ خان کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ، جس کے بعد انہوں نے استعفی دے دیا، جسے منظور کر لیا گیا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمار وشواس سے اروند کیجریوال ناراض ہیں اور ان کی بیان بازی سے پارٹی کا نقصان ہو رہا ہے۔ساتھ ہی پارٹی لیڈروں کو بیان بازی سے بچنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ادھر، ممبر اسمبلی امانت اللہ خان نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ میں نے اپنی مرضی سے پی اے سی کے عہدے سے استعفی دیا ہے، مجھے لگتا تھا کہ میرے لیے بندھن ہے، لیکن میں آج بھی اپنی اس بات پر قائم ہوں کہ کمار وشواس آرایس ایس اور بی جے پی کے اشارے پر کام کر رہے ہیں اور باقاعدہ وہ پلانٹیڈ ہیں۔
SHARE