الیکشن کے نتائج نے کام کرنے کی جگہ بہانے بازی کرنے کی سیاست کو ختم کر دیا :شاہ

نئی دہلی ، (ملت ٹائمز،ایجنسیاں)
دہلی میں میونسپل کارپوریشن الیکشن میں ملی شاندار جیت سے حوصلہ افزا بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے آج کہا کہ اس الیکشن کے نتائج نے کام کرنے کی جگہ بہانے بازی کرنے کی سیاست کو ختم کر دیا ہے اور ایم سی ڈی کی جیت نے دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنانے کی بنیاد رکھنے کا کام کیا ہے۔ایم سی ڈی میں زبردست جیت کے بعد ’فتح جشن ‘کے موقع پر امت شاہ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو بہانے بازی کے خلاف بڑی کامیابی ملی ہے اور مودی کاوجے رتھ آگے بڑھتا جا رہا ہے۔اس جیت نے بہانے بازی کی سیاست کو ختم کر دیا ہے۔دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ملی بڑی جیت کے لیے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ نے کہاکہ کارکنوں کی محنت کی وجہ سے پارٹی کا وجے رتھ آگے بڑھ رہا ہے، یہ جیت بہانے بازی کرنے والوں کے خلاف عوام کی مہر ہے۔امت شاہ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ کیجریوال اگر بی جے پی کے بوتھ کارکنوں سے ملاقات کریں گے، تو انہیں اپنی شکست کی وجہ پتہ چل جائے گی ، ایم سی ڈی میں جیت کا مکمل کریڈٹ بوتھ کارکنوں کو جاتا ہے، ان کے بغیر اتنی بڑی جیت مل پانا بہت مشکل تھا۔وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے شاہ نے کہاکہ مودی جی چلتے نہیں ہیں اور نہ ہی دوڑتے ہیں بلکہ وہ تو چھلانگ لگاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہلی کی عوام نے وزیر اعظم مودی حکومت کے کام پر مہر لگا دی ہے، ایم سی ڈی میں جیت کے بعد ہمارے مخالف مایوس ہو گئے ہیں۔شاہ نے کارکنوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ایم سی ڈی میں صرف جیت ہی ہمارا مقصد نہیں ہے، ہمیں تو دہلی میں حکومت بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑے گی۔
SHARE