نئی دہلی (شہنواز ناظمی ملت ٹائمز)
جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود اسعد مدنی آج ایک وفد کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔جمعیت کے ایک کارکن نے ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ آج یعنی 9 مئی 2017 بروز منگل کو جمیعة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود اسعد مدنی جمعیة میں شامل ارکان پر مشتمل ایک وفد کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ،ملاقات کے دوران کن امور پر مودی سے مولانا محمود مدنی صاحب بات چیت کریں گ اس سلسلے میں ابھی کوئی ایجنڈا واضح نہیں ہے ،ملت ٹائمز کو یہ بھی بتایاگیا کہ منگل کی صبح عاملہ کی ایک میٹنگ ہوگی اور بات چیت کے مقاصد اسی میں طے کئے جائیں گے ،قریبی ذرائع سے ملی خبرکے مطابق وفد میں مولانا محمود مدنی کے ساتھ مولانا حکیم الدین قاسمی ،نیاز احمد فاروقی اور مولانا متین الحق اسامہ ہوں گے ،واضح رہے کہ مولانا متین الحق اسامہ کو گذشتہ کل فون کرکے مولانا محمود مدنی صاحب نے کانپور سے دہلی طلب کیا تھا۔
ہم آپ کو بتادیں کہ تقریباایک ماہ قبل عاملہ کی میٹنگ میں جمعیة علماءہند نے یہ تجویز پاس کی تھی مسلم مسائل کے حل کیلئے اب وزیر اعظم اور مختلف ریاستوں کے وزیر اعلی سے ملاقات ضروری ہے ،اسی کے پیش نظر سب سے مولانا محمود مدنی صاحب نریندر مودی سے ملاقا ت کرنے جارہے ہیں ،واضح رہے کہ جمعیة کے محمود گروپ کو شروع سے بی جے پی کے قریب بتایا جاتارہاہے ،گذشتہ عید ملن پارٹی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ شریک ہوئے تھے ،اس کے علاوہ2013 میں گجرات میں مولانا محمود مدنی صاحب نریند رمودی کی گاڑی سے بھی سفر کرچکے ہیں جب مودی گجرات کے چیف منسٹر تھے اور بھی کئی سارے وجوہات ہیں جس کی بنا پر کہاجاتاہے کہ مولانا محمود مدنی کے قریبی تعلقات ہیں تاہم علی الاعلان پہلی مرتبہ مولانا محمود مدنی صاحب نریندر مودی سے بطور وزیر اعظم ملاقات کرنے جارہے ہیں اور کسی بھی نمائند ہ جماعت کے سربراہ کی یہ پہلی ملاقات ہوگی ۔