کولکاتا میں پرائیویٹ بسوں کے روٹ نمبر پلیٹ اب اردو میں ہوں گے

کولکاتا(ملت ٹائمز)
شہر نشاط کولکاتا کی سڑکوں پر چلنے والے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے روٹ نمبر پلیٹ کا سینٹرل ایونیو میں آج اجرا کیا گیا ۔اس موقع پر تحریک اردو کے سرخیل پروفیسر حیدرحسن کاظمی‘ فورم فار آرٹی ایکٹ اینڈ انٹی کرپشن کی سربراہ سماجی کارکن ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان‘ بزم شہر نشاط کے صدر اور معروف اردو نوازبلال حسن‘ مختارعلی اور دیگر موجودتھے ۔
منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ مغربی بنگال میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ مل جانے کے بعد اردو والے سست پڑگئے تھے اور اردو کے عملی نفاذ کیلئے حکومت کی طرف دیکھ رہے تھے لیکن ہم نے اس سستی کو ختم کرتے ہوئے یہ عزم کیا ہے کہ ہم اپنی سطح سے اردو کے فروغ و اشاعت میں کام میں لگے رہیں گے ۔ یہ سلسلہ اودھ ثانی مٹیابرج سے شروع ہواتھااورآج شہر کے وسطی علاقوں میں چلنی والی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے روٹ نمبر پلیٹ کا اجرا کیا گیاہے ۔