جے پور (ملت ٹائمز)
راجستھان میں ایک شادی ہال کی دیوار گرنے سے شادی کی ایک تقریب کے کم از کم چوبیس شرکاء
ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اپنی نوعیت کے اس ہلاکت خیز حادثے میں تیس مہمان زخمی بھی ہو گئے۔ملت ٹائمز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ سانحہ بدھ دس مئی کو دیر رات پیش آیا۔ اس میرج ہال میں سینکڑوں کی تعداد میں شہری وہاں شادی کی ایک تقریب کے مہمانوں کے طور پر جمع تھے۔
پولیس نے بتایا کہ اس حادثے سے قبل ریاست راجستھان کے شہر بھرت پور میں دیر تک شدید بارشیں بھی ہوتی رہی تھیں۔ پھر بدھ کی رات اس میرج ہال کی ایک 12 فٹ یا 3.6 میٹر اونچی اور 32 میٹر یا 80 فٹ لمبی دیوار اچانک اس تقریب کے شرکائ پر اس وقت آ گری جب وہ کھانا کھا رہے تھے۔
یہ بہت اونچی دیوار کنکریٹ کی بنی ہوئی تھی اور امدادی کارکنوں نے بتایا کہ خوشی کی تقریب میں پیش آنے والے اس سانحے کے بعد انہیں وہاں ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کے حوالے سے خوفناک مناظرنظر آئے اور امدادی کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔
مقامی پولیس افسر بھارت لال مینا نے روئٹرز کو بتایا، ”مرنے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں جبکہ 30 کے قریب زخمیوں میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اس بہت جان لیوا حادثے پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ریاست راجستھان کا ضلع بھارت پور ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے جنوب کی طرف قریب 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔