جامعہ امام محمد انور شاہ میں ختم بخاری شریف کے آخری درس میں مولانا احمد خضر شاہ مسعود کاخطاب
دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
حسب سابق معروف دینی ادارہ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میں شب برأت کے موقع پر تکمیل بخاری شریف کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کشمیری نے ادارہ کے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دے کر کتاب کی تکمیل کی اور اجازت حدیث مرحمت فرمائی۔ اس موقع پرمولانا احمد خضر شاہ نے کہا کہ حدیث کی عظمت اقوالِ رسولؐ کی فضیلت اس سے اجاگر ہوتی ہے کہ صحابہ کرامؓ اور محدثین نے ان سب کو مکمل طریقے پر محفوظ رکھا، قرآن کے بعد سب سے معتبر کتاب بخاری شریف ہے جس کی آج یہا ں تکمیل ہورہی ہے۔انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس سعادت سے ان کو بہرہ ور کیا ہے اور اس مبارک رات میں اس کی تکمیل کی توفیق بخشی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کی اصل کلید اخلاص نیت ہے، تمام عبادات کی اصل روح بھی یہی اخلاص ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں ان کو ایک مثالی کردار پیش کرنا چاہئے۔مولانا احمد خضرشاہ نے قومی اورعالمی مسائل پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا خلفشار کا شکار ہے خاص طورپر مسلمانوں کے خلاف دنیا کے ہرگوشہ میں نفرت انگیز مہم چلائی جارہی ہیں اور قتل عام کیا جارہاہے۔ہندوستان میں بھی مرکزی حکومت کے زیر سایہ دینی مدارس ،مساجد ،تبلیغی جماعت اورخاص وضع قطع کے افراد کو جگہ جگہ نشانہ بنایا جارہا ہے عرضیکہ مسلمانوں کو طرح طرح سے ہراساں کرنے کے نئے نئے حربے استعمال کئے جارہے ہیں اس ملک کے تنگ نظر اورشدت پسند لیڈر مسلسل زہریلی زبان کا سہارالیکر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں ہندوستان میں ا س وقت فرقہ پرستی کی لعنت عروج پر ہے ۔ انہوں نے حکومت ہند کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو آزاد کرانے میں ہمارے اکابر کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،انہیں کی بدولت ہندوستان آج آزاد ہے۔ مولانا نے مسلمانوں سے اپنے اخلاق و کردار کو درست کرنے کی تلقین کی۔ مولانا عالمی حالات بالخصوص مسلم ممالک کے حالات کو تشویشناک قرار دیا۔ بعد ازاں مولانا احمد خضر شاہ نے ملک کی ترقی اور امن وامان کے لئے رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی۔ اس موقع پر 16 نکاح ادارہ کے استاذ مولانا فضیل ناصری نے پڑھائے۔ دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے اپنے خطاب میں کہا ایک بندۂ مومن کو اللہ کی رضا اوراس کی خوشنودی کی خاطر زندگی گزارنی چاہیے کامیاب مسلمان وہی ہے جو احکامات الٰہی کی پابندی کرتا ہے اور اللہ سے ڈرتا ہے، قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں کو خود سے ڈرنے کا حکم دیا ہے ۔ادارہ کے استاذ حدیث و ادب مولانا مفتی وصی اور مولانا شیث نے فضیلت شب برأت کی تفصیلات بیان کیں۔ صدارت مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی نے کی اور نظامت کے فرائض مولانا فضیل احمد ناصری نے انجام دیئے۔ اس دوران دارالعلوم وقف کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی، مولانا محمد علی مونگیر، ڈاکٹر مظفرحسین،محمد سلمان،فرخ مصطفی، مولانا شکیب قاسمی، فائز سلیم صدیقی،حمدان شاہ،مولوی محمد ثاقب دیوبندی،مولانا اختر آگرہ ، مولانامحمد یحیٰ ،مولانا الحاج عبدالقادر عارسی،مولانا عبدالرشید بستوی، عبدالسبحان، انور بھائی، قاری بلال، مولانا ابوطلحہ اعظمی، مفتی نوید، مولانا بدرالاسلام، مولانا صغیر احمد پرتاب گڑھی وغیرہ کے علاوہ دور دراز اور قرب وجوار سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔





