گؤ رکشا کے نام پر ایک بار پھردہشت گردی ، لات ،گھونسوں اور بیلٹ سے کی نوجوان کی پٹائی 

اجین(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
مدھیہ پردیش کے اجین میں مبینہ گؤ رکشکوں نے ایک نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی کر دی۔نوجوان پر گائے کی دم کاٹنے کا الزام تھا۔نوجوان کو پیٹنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔مارپیٹ کا یہ واقعہ اجین کے پیپلی ناکہ علاقے کا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق، ہفتہ کو کچھ نام نہاد گؤ رکشکو ں نے اپودا مالویہ نامی نوجوان کو پکڑ لیا، نوجوان پر گائے کی دم کاٹنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے اپودا کی بے رحمی سے پٹائی شروع کر دی۔اپودا کے ساتھ لات، گھونسوں اور بیلٹ سے مار پیٹ کی گئی ، کچھ لوگ مارپیٹ کی ویڈیو بنا رہے تھے۔کسی طرح وہ گؤ رکشکو ں کے چنگل سے بچ نکلا۔اپودا کی شکایت پر پولیس نے چیتن اور وکاس نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیاہے ، باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔جیواجی گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج اوپی مشرا نے بتایا کہ شروعاتی جانچ میں معاملہ گؤ اسمگلنگ کا نہیں لگ رہا ہے، جانچ میں پتہ چلا ہے کہ یہ پیسوں کے لین دین کا معاملہ ہے، اس معاملہ میں تین نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک نامزد اور دیگر نامعلوم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔