دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا دورزہ اجلاس شروع،مدتوں بعد مولانا سید رابع حسنی ندوی کی شرکت 

دیوبند(ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
دارالعلوم دیوبند کی ہیئت حاکمہ مجلس شوریٰ کادورزہ اجلاس آج صبح ادارہ کے مہمان خانہ میں ہوا،جس میں ملک کے مؤقر اراکین شوریٰ شرکی ہوئے۔ قابل ذکر امر یہ ہے اس مرتبہ شوریٰ کے اجلاس میں طویل عرصہ کے بعد ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم و ملک کے ممتاز عالم دین مولانا سید رابع حسنی ندوی نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں شعبا المعظم کی وسطی تاریخوں میں تعلیمی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوتاہے۔ جس میں اراکین شوریٰ شرکت کرکے ادارہ کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے علاوہ ادارہ کی ہمہ جہت ترقی اور طلباء کی سہولیات کے علاوہ دیگر اہم امور پر غور خوض کرکے باہمی اتفاق و اتحاد سے اہم تجاویز منظورکرتے ہیں،سابقہ مجلس میں اداراہ کے اساتذہ و کارکنان کی تنخواہ میں اضافہ کے لئے تشکیل کی گئی سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ بھی اس اجلاس میں پیش کی جاسکتی ہے۔ملک کے موجودہ حالات ،سپریم کورٹ میں طلاق ثلاثہ کو لیکر جاری متواتر بحث و جرح کے درمیان میں منعقد دورزہ اس اجلاس میں اس نوعیت کے مسائل پر سنجیدہ غوروفکر کرنے کی خبر ملی ہے۔ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق تعلیمی اجلاس میں چارٹیڈ اکاؤنٹینٹ (سی اے) کو بھی طلب کیاگیاہے۔ حالانکہ ادارہ کی جانب سے ابھی کوئی ریلیز جاری نہیں کی گئی ہے ،یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اس مرتبہ اجلاس کے دوران ادارہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات بھی سخت ہیں او رکسی بھی ادارہ سے غیر متعلق شخص کی مہمان خانہ میں شوریٰ کے دوران جانے اجازت نہیں ہے دی جارہی ہے، دو روزہ اس اجلاس کا اختتام آج ہوگا،جس کے فیصلوں کا علماء ،میڈیا اور ادارہ کے کارکنان کو شدت سے انتظار ہے۔ میٹنگ میں مولانا سید رابع حسنی ندوی،مولانا یعقوب مدراسی،مولانا عبدالعلیم فاروقی،مولانا اسماعیل مالیگاؤں،مولانا احمد خانپوری،حکیم کلیم اللہ علی گڈھی،مولانا رحمت اللہ کشمیری، رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی ،مولانا انوارالرحمن بجنوری کے علاوہ مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور صدر المدرسین مفتی سعید پالنپوری نے شرکت کی۔ 
نئے اراکین شوریٰ کے انتخاب کاانتظار !
دارالعلوم دیوبند میں ہیئت حاکمہ کی حیثیت رکھنے والی مجلس شوریٰ کے کئی ممبران دار فانی سے رخصت ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک نئے اراکین کاانتخاب عمل میں نہیں آسکا۔ گزشتہ روز قدیم رکن مولانا ازہر رانچی کا انتقال ہوگیا ،جبکہ اس سے قبل مفتی نظام الدین پٹنہ،سابق رکن پارلیمنٹ حافظ صدیق احمد مرادآبادی اوردیوبند کے معروف علمی گھرانے سے تعلق رکھنے مولانا خلیل احمد میاں کاکئی سال قبل انتقال ہوچکاہے۔