وزارت داخلہ نے این جی او کو غیر ملکی چندے کی تفصیلات دینے کا آخری موقع دیا 

8

نئی دہلی(ملت ٹائمز؍آئی این ایس )
مرکزی وزارت داخلہ نے این جی اوز کو 14جون تک اپنے سالانہ ریٹرن داخل کرنے آخری موقع دیا ہے، یہ موقع ان غیر سرکاری تنظیموں کے لیے ہے، جن کی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات کا خلاصہ نہیں کرنے کی وجہ سے ایف سی آر رجسٹریشن منسوخ کردیا گیا تھا ۔اس مدت میں سالانہ ریٹرن جمع کرانے والی تنظیموں پر تاخیر فیس یا کوئی جرمانہ نہیں لگانے کی بھی سہولت دی گئی ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق، مرکزی حکومت نے غیر ملکی امداد ریگولیشن قانون 2010(ایف سی آر اے)کے تحت رجسٹریشن کی تجدید کرانے کی درخواست دینے والی ایسی غیر سرکاری تنظیموں، این جی او کو انکم ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات حکومت کو مہیا کرانے کا آخری موقع دیا ہے جو 2010سے 2015تک اسے دینے میں اب تک ناکام رہی ہیں۔حکومت نے یہ پہل ان تنظیموں کو ذہن میں رکھتے ہوئے کی ہے، جن کا دعوی ہے کہ ان کے سالانہ ریٹرن کے دستاویزات گم گئے ہیں، ایسی سبھی تنظیموں کو حکومت نے ایف سی آر اے کے تحت کارروائی سے بچنے کے لیے یہ موقع دیا ہے۔دستاویزات کے ساتھ یہ تفصیلات جمع کرانے کے بعد ہی تنظیموں کا ایف سی آر اے کے تحت رجسٹریشن کی تجدید ہو سکے گی ۔آن لائن ریٹرن جمع کرنے کے لیے تنظیم وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر دئے گئے لنک ایف سی آر اے آن لائن ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان کا استعمال کر سکتی ہیں ۔