نئی دہلی/پالن پور(ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
گجرات کے وڈاوالی گاؤں ضلع پاٹن میں اس سال مارچ میں ہوئے فرقہ وارانہ حملے کے متاثرین کے درمیان اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمودمدنی نے اپنے ہاتھوں سے جمعےۃ کی طرف سے تعمیرکردہ ۱۲۹؍مکانات کی چابیاں ان کے حوالے کی ۔ واضح ہو کہ بچوں کے درمیان معمولی تنازع کے بعد اکثریتی طبقہ کے چار ہزار کے ایک جتھے نے مسلم اقلیت کے محلے پر حملہ کرکے کئی مکانات کو جلا دیا نیز ایک سو سے زائد گھروں میں توڑ پھور اور لوٹ پاٹ کیا تھا ، حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ایک شخص کی موت بھی ہوگئی تھی ۔جمعےۃ علماء شمالی گجرا ت وہاں شروع سے ہی راحت رسانی اور بازآبادکاری میں لگی ہوئی تھی۔اس کی محنت اس وقت رنگ لائی جب رمضان المبارک سے قبل متاثرین کو بناہوا آشیانہ رہنے کے لیے مل گیا ۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مولانا محمو دمدنی نیبازآبادکاری پر جمعےۃ علماء پٹن ، پالن پور اور بناس کانٹھا کے ذمہ داران و کارکنان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق جمعےۃ علماء ہند کی بنیاد ہے ۔مکانات بنانا اور اجڑوں کو بسانا یہ بہت بڑا کام ہے تاہم انسان بنانا اور انسانیت کو بچانا اس سے زیادہ اہم اور بڑاکام ہے، یہ جمعےۃ علماء کی خصوصیت ہے وہ انسان اور انسانیت دونوں کو بچانے کا کام کرتی ہے ۔مولانا مدنی نے کہاکہ ایک شخص اچھا انسان اس وقت بن سکتا ہے جب کہ وہ دوسروں کی اذیت پر صبر کرنے والا ہو جائے ۔انھوں نے کہاکہ جتھہ بنا کر کمزور وں پر حملہ کرنا ایک وحشیانہ عمل ہے ،تاہم یہ بات قابل تعریف ہے کہ گاؤں کے ہند و اور مسلمان آپس میں نہیں لڑے ۔ مولانا مدنی نے لوگوں سے اپیل کی کہ آپس میں محبت بانٹیں اور جس طرح اب تک میل محبت سے رہتے رہے ہیں، آئندہ بھی اسی طرح بلکہ اس سے زیادہ اچھے طریقے سے رہیں اور اگر کوئی باہر سے حملہ کرنے آئے تو سب مل کر اسے روکیں، سمجھائیں ، نہ مانے تو مل کر اس کا مقابلہ کریں۔مولانا مدنی نے کہا کہ کسی قوم کی سربلندی کے لیے تعلیم بہت بنیاد ی عنصر ہے۔ہماری اصل توجہ اپنی نسلوں کو سنوارنے اور بنانے پر ہو اور یہ تعلیم کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔تعلیم پر خرچ کی جانے والی رقم ضائع نہیں ہوتی بلکہ انویسٹ ہوتی ہے۔اپنی نسل کی تعلیم آئندہ آپ کے کام آئے گی۔تعلیم آئے گی تو صلاحیت ، سمجھ سوجھ بوجھ آئے گی اور جب یہ خوبیاں پیدا ہو ں گی تو ہم ایک اچھے سماج کی تعمیر کرسکیں گے ۔
تقسیم مکانات تقریب کے بعد مولانا محمود مدنی نے فساد میں شہید ہوئے مرحوم ابراہیم بھائی کے مکان پر پہنچ کر ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔اس کے بعد گولیوں سے زخمی مقامی پردھان سلطان بھائی کی عیادت کی۔ نیز مولانا مدنی نے شہید ابراہیم بھائی کے دونوں بچو ں اور دو دیگر فساد متاثرین کو ان کی ضرورت کے پیش نظر آٹورکشہ ہدیہ کیا ، جس کا نظم ا کھل کچھ مسلم سماج (جمعہ بھائی رائما) کی جانب سے کیا گیا تھا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالقدوس پالن پوری نائب صدر جمعےۃ علماء گجرات نے کہا کہ فساد کے بعد بے سروسامانی عالم میں اپنے بزرگوں سے مشورے اور دعاؤں سے باز آبادکاری کا کام شروع کیا گیا،شروع میں جمعےۃ علماء تنہا کھڑی تھی ، اس کے بعد پورا علاقہ متوجہ ہوا اور الحمدللہ صرف ڈیڑھ ماہ کی قلیل مدت میں ہم نے راحت رسانی اور بازآبادکاری دونو ں مکمل کردیا ۔
اس موقع پر جمعےۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعےۃ کا مرکزی وفد پہلے یہاں آچکا ہے ، جمعےۃ علماء کے مقامی کارکنان نے ساڑھے تین سو سے زائد افراد کے لیے راحت کیمپ قائم کرکے ان کے کھانے پینے کا نظم کیا ، جمعےۃ کی طرف سے روزی روٹی کے لیے متاثرین کو کاروبار سے جوڑا گیا۔ٹھیلہ گاڑیاں فراہم کی گئیں۔ راشن کی دوکان شروع کرائی گئی وغیرہ وغیرہ ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہاکہ جمعیۃعلماء پٹن کے ارکان و ذمہ داران نے پوری تندہی کے ساتھ خلوص و لگن کے ساتھ کا کام کیا ہے ، جس کے لیے وہ تعریف کے حق دار ہیں ۔ ان کے علاوہ مولانا داؤد پٹن ، پروفیسر نثار احمد انصاری اور حاجی جمعہ رائما نے بھی خطاب کیا۔اس تقریب کی نظامت محمد عتیق الرحمن قریشی نے کی جب کہ افتتاحی کلمات مولانا عمران پٹن نے پیش کئے۔اس موقع پر مذکورہ شخصیات کے علاوہ مولانا علاء الدین مظاہری، نور محمد رائما جنرل سیکرٹری جمعیۃعلماء کچھ، مولانا عمران پٹن ،مولانا ابوالحسن سیوانی ،محمد بھائی آگھریا سیکریٹری اکھل مسلم سماج کچھ،مولانا محمود رادھن پور،حاجی فہیم خا ں، حاجی فیصل خاں، شفیق بھائی ورواڑہ ،شاہد بھائی سہکار، سعید بھائی شیرا،مولانا یحیی، عبدالودود بھائی پٹاوٹ،حافظ ابوبکرمکھی،مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی ،مولانا ساجد،سلیم بھائی رنگریز،سلیم بھائی میمن ،مولانا عبداللطیف ،محبوب بھائی وکیل ،رفیق بھائی پٹن،حیدر بھائی نوجیون وغیرہ موجود تھے ۔





