پاکستان موت کا ایک ایسا کنواں ہے جہاں جانا تو آسان ہے لیکن واپس لوٹنا انتہائی مشکل :ہندوستان واپسی لوٹنے کے بعد ڈاکٹر عظمی کا بیان 

نئی دہلی(ملت ٹائمز؍محمد قیصر صدیقی)
پاکستانی شہری طاہر علی کی اہلیہ ڈاکٹر عظمیٰ اسلام آباد ہائی کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے آج ہندوستان پہنچ گئی ہیں،یہاں اس کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ہندوستان میں قدم رکھتے ہی اس نے جھک کر وطن کو سلامی دی،عظمی کی واپسی کے بعد وزیرخارجہ سشما سوراج نے انہیں خوش آمدید کہا ۔سشما سوراج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’عظمیٰ ،بھارت کی بیٹی کو واپسی پر خوش آمدید کہتی ہوں اورمعذرت خواہ ہوں کہ آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ’’عظمیٰ کی واپسی پر بہت خوش ہوں ،لیکن اس بات کا علم نہیں ہے کہ وہ کب دہلی پہنچ رہی ہے‘‘۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آبا د ہائیکورٹ کی جانب سے بونیر کے رہائشی طاہر علی کی اہلیہ کو بھارت واپس جانے کی اجاز ت دی تھی۔
این ڈی ٹی وی کی رپوٹ کے مطابق ملک پہونچنے کے بعد ڈاکٹر عظمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان موت کا ایک ایسا کنواں ہے کہ وہاں جانا تو آسان لیکن واپس لوٹنا انتہائی مشکل ہے،پاکستان میں سب کچھ بہت عجیب تھا اور وہاں ہر روز فائرنگ ہوتی تھی۔ڈاکٹر عظمیٰ نے کہاکہ مجھے نیند کی گولی دی گئی اور اس کے بعد کچھ پتہ نہیں لگا کہ کہاں پہنچ گئی، پاکستان میں متعدد ممالک سے لڑکیوں کو لایا جاتا ہے اور پھر ان کو پریشان کیا جاتاہے ،پاکستان میں وہاں سب کے گھروں میں 2دو بیویاں تھیں اور پاکستان میں خواتین کی حالت بھارت سے بالکل مختلف ہیں ،آج مجھے اپنی جان کی قیمت معلوم ہوئی ہے۔