ناقص کارکردگی کے باوجود امت شاہ کا دعوی :نریندر مودی حکومت کے تین سالوں میں ملک کی عوام کا اعتماد بڑھاہے ن

نئی دہلی(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
مرکز کی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے تین سال پورے ہونے کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے دعوی کیا ہے کہ اس حکومت کے تین سال کی مدت کے دوران ملک کی عوام کا اعتماد بڑھا ہے، اور جو کچھ اس سے پہلے کے 70 سالوں میں نہیں ہو پایا تھا، ہماری حکومت کے تین سالوں میں حاصل کر لیا گیا۔امت شاہ نے یاد دلایا کہ تین سال پہلے منتخب ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ان کی حکومت غریبوں کی حکومت ہوگی، قبائلیوں کی حکومت ہوگی، خواتین اور نوجوانوں کی حکومت ہوگی اور شفاف طریقے سے چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پی ایم نریندر مودی کی قیادت میں ان تمام دعووں کو پورا کرنے کا کام کیا گیا ہے۔بی جے پی صدر نے کہا کہ تین سالوں میں ملک کا وقار دنیا بھر میں بڑھانے کا کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ نریندر مودی حکومت کے تین سال گزر جانے کے باوجود مخالفین کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا سکتے۔انہوں نے نریندر مودی حکومت کی کامیابیاں بتاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے دشمن کی املاک سخت قانون پاس کیا، اور کالے دھن کو روکنے کے لئے غیراعلانیہ جائیداد کے خلاف قانون بنایا گیا۔