ملک میں سوال پوچھنے والی روایت ختم،کشمیرکی حالت آزادی کے بعدسب سے خراب

کالادھن اورروزگارکاکیاہوا ؟جشن کی بجائے انتخابی و عدوں پرجواب دے بی جے پی:آنند شرما
گوہاٹی(ملت ٹائمزایجنسیاں)
مرکزکی کی مودی حکومت کے تین سال پورے ہونے کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی اس وقت ملک گیر جشن منارہی ہے۔جسے مودی جشن کانام دیاگیا ہے۔لیکن یہ جشن منانے کاوقت نہیں ہے، بلکہ یہ جواب دینے کاوقت ہے۔تین سال پہلے بی جے پی نے ملک کوکیایقین دہانی کرائی تھی، اس کے پوراکرنے میں مکمل طور پرناکام ہو گئی ہے۔یہ باتیں اتوار کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی)کے سینئرلیڈراورراجیہ سبھامیں اپوزیشن کے نائب صدرآنندشرمانے آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں کانگریس کی طرف سے منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ فی الحال سوال پوچھنے والی روایت ختم ہو گئی ہے۔حکومت کے خلاف کچھ بھی کہنے والے کو غدار قرار دے دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دنوں دن خراب ہوتا جا رہا ہے۔آزادی کے بعد کشمیر کی کبھی بھی ایسی حالت نہیں تھی ۔انہوں نے سوال کیا کہ کالا دھن کتنا تھا، آج تک اس کا جواب ہم وطنوں کو وزیر اعظم نریندر مودی نے نہیں دیاہے۔کتنے بے روزگاروں کو روزگار ملا، اس کا بھی حکومت جواب دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت سے مندرجہ بالا باتوں ایک وہائٹ پیپر جاری کرنے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو یہ بتانا چاہیے کہ کس ریاست میں کتنے لوگوں کو حکومت نے روزگارمہیاکرایاہے۔