مظفر پور(ملت ٹائمز/پریس ریلیز
ضلع کے اورائی بلاک واقع نیاگاؤں پنچایت کے ہرپور بیشی واطراف میں آج مشہور سماجی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے زیر اہتمام عید الفطر کے موقع پر سماج کے کمزور اور ضرورت مند لوگوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔ ٹرسٹ کی جانب سے ظفیر احمد ،صغیر احمد،توقیر احمد ،ماسٹر نقی الرحمن، محمد علاء الدین ،ارشاد احمد،محمد عصام الدین اور دلاور بھائی نے ضرورت مندوں میں ان اشیاء کوسلیقے سے تقسیم کیا۔واضح رہے کہ خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کی جانب سے ہر سال رمضان المبارک کی آمد پر افطار و سحر اور عید الفطرکے موقع پر کپڑے وغیرہ بانٹے جاتے ہیں۔ حسب استطاعت ٹرسٹ کی یہ کوشش ہوتی ہےکہ عید جیسے عظیم تہوار کی خوشیوں میں ایسے افراد کو ضرورشریک کیا جائے جوغریب و محتاج ہیں اور مالی پریشانی کے سبب نئے کپڑے خریدنےسے قاصر ہیں۔ ظاہر ہے اس سےان کی غربت تو کم نہیں ہوتی لیکن عید کے دن وہ بھی اپنے بچوں کے ساتھ نئے کپڑے پہن کر خوشیاں منا سکیں گے۔ دوسروں کے دکھ، درد میں شریک ہونا اور خوشیاں بانٹنا ہی انسانیت کی خدمت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہےکہ عید کی خوشیوں میں سماج کے کمزور طبقے کو ہرگز فراموش نہ کیا جائے۔
خوشی کا مقصد ہے اللہ کی رضا جو تب ملے گی اگر ہم پیغمبر اسلام کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے عید کی خوشیاں منائیں۔ دوسروں کو خوشیاں دے کر ،خاص کر کم مایہ کو اپنے ساتھ خوشیوں میں شامل کریں تاکہ کوئی خوشیوں سے محروم نہ رہے اسی طرح ہم کو عید کی حقیقی خوشی ملے گی۔ در اصل دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام عید ہے ، اگر ہمارے پڑوس میں خاندان میں کوئی عید کی خوشیوں میں شامل نہیں ہو سکتا تو اس کی مدد کرنے سے ہی عید کی خوشیاں حاصل ہوں گی۔ ٹرسٹ کی جانب سےاس بار عیدی میں، ساڑی، لنگی، قمیص کے کپڑے، لیڈیزسوٹ اور سیوئی کا نظم کیا گیا تھا۔
خدمت خلق کی اس مہم میں حصہ لینے والوں میں ’سوپرب انٹر پرائزیز لمیٹیڈ دہلی کے مالک بھائی افروز احمد، فیروز احمد، بزنس وٹیکنالوجی یونیورسٹی جدہ کے بزنس ایڈمنسٹریشن کالج میں مارکیٹنگ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ذوالفقار عالم مدنی علیگ ، مولاناحسان جامی قاسمی اور جسیم القمر شکیب کے نام قابل ذکر ہیں۔