موسم حج کی آمد کے پیش نظر افسران نے لیا حج ٹرمنل کا جائزہ ،حج ٹرمنل کی تزئین کاری کے ساتھ حاجیوں کی سہولیات میں بہتری کا دعوی،حاجیوں کے لواحقین کے لئے500میٹر قبل ہی ہوگاعارضی خیمہ کا انتظام

نئی دہلی(ملت ٹائمز۔عامر ظفر )
حج 1438کے لئے فلائٹ شیڈیول جاری ہوچکا ہے اور جلد ہی ملک کے تمام امبارکیشن پوائنٹ سے حاجیوں کی روانگی جدہ اور مدینہ کے لئے شروع ہوجائے گی۔دہلی کے حجاج کے لئے اس مرتبہ اگرچہ حج ٹرمنل پر پہلے کے مقابلہ زیادہ بہتر انتظامات کئے گئے ہیں تاہم حاجیوں کو رخصت کرنے آنے والے لواحقین کو سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ٹرمنل 2سے 500میٹر قبل ہی قیام کرنا ہوگا اور وہ پہلے کی طرح ٹرمنل کے احاطہ میں حاجیوں کے ساتھ نہیں ٹہر سکیں گے۔دہلی امبارکیشن پوائنٹ کے کو آرڈینیٹر عرفان احمدنے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ امسال سے حج ٹرمنل سے دیگر شہروں کے لئے عام فلائٹیں بھی شروع کردی گئیں ہیں جس کی وجہ سے اب حجاج کو رخصت کرنے کے لئے آنے والے اقرباءاور لواحقین کے لئے 500میٹر قبل ہی واٹر پروف عارضی خیمہ کا انتظام کیا گیا ہے جہاں مسجد وضو خانہ ،مختلف ضروریات کے اسٹال وغیرہ لگائے جائیں گے اور انھیں حج ٹرمنل پر حاجیوں کو صرف رخصت کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ پہلے کی طرح حجاج کے لئے بنائے گئے احاطہ میں وہ ٹہر نہیں سکیں گے۔عرفان احمد نے حجاج سے اپنے ساتھ کم سے کم لواحقین کو ٹرمنل تک لانے کی درخواست بھی کی تاکہ عام فلائٹیں شروع ہوجانے اورماہ اگست میں سیکیورٹی وجوہات سے پرشانیوں سے بچا جاسکے۔دراصل آج عرفان احمد کی قیادت میں حج سے متعلق ایجنسیوں اور حکومتی افسران کا ایک وفد حج ٹرمنل پر تیاریوں کا جائزہ لینے پہونچا ۔اس درمیان وفد نے جس میں جی ایم آر کے نائب صدر اشونی کھنہ ،دہلی پولیس،ٹریفک پولیس سینٹرل ایکسائز اینڈ کسٹم ،امیگریشن ،بیوروآف سول سیکیورٹی سول اویشن کے ایڈشنل اسٹنٹ ڈائریکٹر،دہلی حج کمیٹی کے ممبران اور سعودی ائر لائنز کے افسران و دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے موجود تھے۔اس دوران امبارکیشن پوائنٹ کے کو آرڈینیٹر عرفان احمد کی قیادت میں وفد نے ڈپارچر اور ارائیول کے مقامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حاجیوں کے لئے بنائی گئیں سہولیات ،وضوخانہ،مسجد ،ٹوائلٹ اور ممبئی مرکنٹائل بینک کرنسی ایکسچینج اسٹال وغیرہ کا جائزہ لیا۔اس درمیان ایک میٹنگ بھی منعقد کی گئی جس میں متعلقہ سہولیات پر افسران نے صلاح و مشورہ کیا۔عرفان احمد کے مطابق اس سال دہلی امبارکیشن پوائنٹ کی تجدید کاری کی گئی ہے جس میں ہندوستانی حجاج کی سہولت کے پیش نظر بیت الخلاو¿ں میں ہندوستانی سیٹ لگائی گئی ہے اور ٹرمنل کو اسلامک کلچر کا ٹچ دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ امسال دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے حاجیوں کو سعودی لیجانے کی ذمہ داری سعودی ائر لائنز کی ہے۔عرفان احمد کے مطابق حج کی تیاریوں کے سلسلہ میں انھیں وزارت شہری ہوا بازی کے وزیر کا بھر پور تعاون دستیاب رہا۔اس دوران میٹنگ میں ایس ایچ او ٹریفک ستیش ملک،سی آئی ایس ایف کے سینئر کمانڈنٹ ارون سنگھ اور مرکزی حج کمیٹی کے دہلی دفتر انچارج سلطان احمد بھی موجود رہے ۔