نئی دہلی( ملت ٹائمزمحمد قیصر صدیقی)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے کارکنان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرائیلی دورے کی سخت مذمت کرتے ہوئے نئی دہلی، جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی صدارت ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد نے کی۔انہوں نے اپنی مذمتی تقریر میں کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے اسرائیل کے ساتھ ہاتھ ملا کر تاریخی غلطی کی ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی ہمیشہ فلسطین کے لیے کاز کے لیے آوازاٹھاتی رہے گی اور قابض اسرائیل اور مرکزی حکومت کے غلط پالیسیوں کو عوام کے سامنے اجاگر کرتی رہے گی۔ اس احتجاجی مظاہرے میں پارٹی کارکنان نے اسرائیل مخالف اور فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے نیز وزیر اعظم کے اسرائیلی دورے کے خلاف جم کر نعرے لگائے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں پاپولرفرنٹ آف انڈیا کے زونل صدر انیس انصاری، آل انڈیا امامس کونسل ، صوبہ دہلی کے نائب صدر مولانا وارث اور NCHROدہلی کے ذمہ دار نظم الزماءسمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان شریک رہے۔