حافظ جنید کے قتل کااہم ملزم مہاراشٹر کے دھلے سے گرفتار، پولیس کے سامنے اپنے جرم کا کیا اعتراف

نئی دہلی(ملت ٹائمز۔عامر ظفر)
بلبھ گڑھ جاتے وقت ٹرین میں جنید کو چاقو مارکر موت کے گھاٹ اتارنے والے ملزم کو پولیس نے مہاراشٹر کے دھلے سے گرفتار کر لیا ہے۔فرید آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے، حالانکہ پولیس نے قانونی وجوہات سے نام ظاہر نہیں کیاہے ، ملزم کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ہریانہ پولیس نے اہم ملزم کی اطلاع دینے والے کو 2لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔گزشتہ ہفتے پولیس نے کہا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات اسٹیشن کے نزدیک تین افراد موٹر سائیکل سے بھاگتے ہوئے نظر آئے تھے،اس کے بعد پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا۔جنید پر بیف رکھنے کے شبہ پر حملہ کیا گیا تھا،لیکن اس معاملے میں کوئی بھی گواہی دینے کے لیے آگے نہیں آیا۔جنید خان کے قتل کے معاملے میں دہلی حکومت کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔غورطلب ہے کہ گزشتہ ہفتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ گﺅ کشی کے نام پر بھیڑ کی طرف سے لوگوں کے قتل ناقابل قبول ہے،گزشتہ ایک سال کے دوران یہ دوسرا موقع تھا جب وزیر اعظم نے گﺅرکشکوں کو خبردار کیاتھا، ان کا یہ تازہ بیان پورے ملک میں گوکشی کے نام پر ہوئے احتجاجی مظاہروں کے بعد آیاتھا۔غور طلب ہے کہ گا¶ں کھنداولی کے رہائشی 16سالہ جنید کو ای اےم یو ٹرین میں سیٹ کو لے کر ہوئے تنازعہ میں کچھ لوگوں نے چاقو مار کر قتل کر دیا تھا۔اس واقعہ میں جنید کے دو بھائی بھی شدید زخمی ہو گئے تھے۔اس معاملے میں پولیس پانچ ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کر چکی تھی اور اہم ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے باقاعدہ انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔فی الحال جی آر پی پولیس ٹیم کے فرید آباد واپس لوٹنے کے بعد ہی مکمل معلومات حاصل ہو پائے گی۔