کرناٹک جموں کشمیر کے نقش قدم پر گامزن،ریاست کیلئے علاحدہ پرچم اور سمبل کا مطالبہ،مرکزی حکومت کی پریشانی میں ہوسکتاہے اضافہ

بنگلور(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
کرناٹک کی حکومت ریاست کے لئے مختلف جھنڈوں اورعلامات کے حصول کیلئے حرکت میں آ گئی ہے، حکومت نے 9 ارکان کی ایک کمیٹی بنائی ہے جسے جھنڈا ڈیزائن کرنے اور سمبل منتخب کرنے کا ذمہ دیا گیا ہے،کمیٹی کے رپوٹ سونپنے کے بعد اسے قانونی منظوری دلانے کا کام ہوگا، اگر یہ فیصلہ نافذہو جاتا ہے تو جموں و کشمیر کے بعدیہ ملک کی دوسری ریاست ہوگی، جس کا اپنا پرچم ہوگا، یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب چند ماہ میں ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، مرکزی وزیر سدانند گوڑا نے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک قوم ہے اس کے دو جھنڈے نہیں ہو سکتے۔
جہاں ایک طرف بی جے پی کی حکومت ایک قوم اور ایک نشان کی بات کرتی ہے وہیں دوسری طرف کرناٹک حکومت کا مختلف جھنڈے کا مطالبہ کرنا بڑے تنازعہ کو جنم دے سکتا ہے، اس سے پہلے جب 2012 میں یہ مسئلہ ریاست کی اسمبلی میں اٹھایا گیا تو اس وقت وزیر گووند ایم کرجول نے کہا تھا، فلیگ کوڈ ہمیں ریاست کے لئے مختلف جھنڈے کی اجازت نہیں دیتا،ہمارا قومی پرچم ملک کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے۔
خبروں کے مطابق کرناٹک کی سددھارمیا حکومت نے یہ قدم اس سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کو دیکھتے ہوئے اٹھایا ہے،کرناٹک میں مختلف جھنڈے کا مطالبہ بہت پہلے سے اٹھ رہاہے جسے مسترد کیا جاتارہاہے۔