بنگلور(ملت ٹائمزایجنسیاں)
محکمہ انکم ٹیکس نے ٹیکس چوری کے ایک معاملے میں کرناٹک کے وزیر توانائی ڈی کے شیو کمار کی کئی جائیداد پرآج چھاپے مارے۔واضح ہوکہ شیو کمار کی میزبانی میں یہاں قریب واقع ایک ریزورٹ میں خریدوفروخت سے بچانے کے لیے گجرات کے 44کانگریس ممبران اسمبلی ٹھہرے ہوئے ہیں۔انکم ٹیکس حکام نے بتایا کہ وزیر کی جائیداد پر ہلاک چھاپے کے دوران 7.5کروڑ روپے نقد برآمد کئے گئے۔انکم ٹیکس ٹیم انہیں ریزورٹ سے یہاں لے گئی ہے۔آج علی الصباح کی گئی چھاپہ ماری سے وابستہ حکام نے بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس کے حکام کی ایک ٹیم وزیر سے پوچھ گچھ کے لیے ملحق یگلٹن ریزورٹ پہنچی۔کانگریسی لیڈران رات کو ریزورٹ میں یہیں ٹھہرے ہوئے تھے۔انکم ٹیکس حکام نے بتایا کہ شیو کمار یہاں ٹھہرے 44ممبران اسمبلی کی میزبانی کر رہے تھے۔ممبران اسمبلی کو اس لئے یہاں ایک ساتھ رکھا گیا ہے تاکہ بی جے پی انہیں اپنی پارٹی میں شامل کرنے کی کوشش نہیں کرپائے۔جب چھاپے مارے گئے، اس وقت شیو کمار ریزورٹ میں ہی تھے۔ریزورٹ میں چھاپہ ماری کی کارروائی پر کانگریس کے ناراضگی کے درمیان محکمہ انکم ٹیکس نے کہاکہ ریزورٹ پر چھاپہ نہیں ماراگیاہے۔انہوں نے بتایاکہ ریزورٹ میں صرف وزیرکے کمرے کی”تلاشی لی“گئی اور گجرات کے اراکین اسمبلی کے کمروں میںچھاپے نہیں مارے گئے۔محکمہ نے ایک بیان میں کہاکہ چھاپے مارنے والے پارٹی کا ممبران اسمبلی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ممبران اسمبلی اورتلاشی لینے والے پارٹی کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ اس دوران، گجرات سے راجیہ سبھا کا الیکشن لڑ رہے کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے کرناٹک کے وزیر توانائی کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کی تنقید کرتے ہوئے بی جے پی پرراجیہ سبھا کی ایک نشست جیتنے کے لیے غیراخلاقی طریقے سے پریشان کرنے کا الزام لگایاہے۔