نتیش نے ”سیاسی خودکشی“کی ہے،اب کوئی پارٹی ان پراعتبارنہیں کرے گی۔لالویادونے ہریانہ معاملہ پرکہا،بی جے پی کے زیرِاقتدارریاستوں میں غنڈہ راج نافذ

پٹنہ(ملت ٹائمزاشفاق ساقی)
آرجے ڈی سربراہ لالو پرسادنے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارپرمہاگٹھ بندھن سے ناطہ توڑنے کو لے کر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی سے ہاتھ ملا کر جے ڈی یو لیڈر نتیش کمار نے”سیاسی خودکشی“کی ہے۔آر جے ڈی سربراہ نے ہریانہ میں بی جے پی کے ریاستی صدر کے بیٹے کی طرف سے ایک لڑکی کا پیچھا کرنے کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی کے اثرات والے ملک کے مختلف حصوں میں ”جنگل راج“قائم ہے۔لالویادو نے پٹنہ میں آج نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملاکرنتیش کمارنے ”سیاسی خودکشی“کی ہے۔لالویادو نے پٹنہ میں اپنی بیوی رابڑی دیوی کے دس سرکلر روڈ رہائش گاہ پر ان کے چھوٹے بیٹے اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرسادیادوکے ساتھ صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے یہ بات تیجسوی پرسادیادواوران کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادوکے ریاست میں آر جے ڈی کے مہم نکلنے سے ایک دن پہلے کہی۔دونوں بھائی آر جے ڈی کے اس”مینڈیٹ کی توہین “کے تحت عوام کے درمیان جاکر نتیش کمارپرمینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ دینے“کے الزام کے بارے میں بتائیں گے اورآئندہ 27اگست کوپٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل کی مجوزہ ریلی میں شامل ہونے کے لیے عوام کومدعوکرےں گے۔تیجسوی یادومشرقی چمپارن ضلع ہیڈکوارٹر موتیہاری سے کل اپنے اس مہم کاآغازکریں گے۔لالویادو نے کہاکہ ملک میں کوئی بھی پارٹی ابھی نتیش پر یقین نہیں کرے گی۔وہ سیاسی طور پر اب ختم ہوگئے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں نتیش کی پارٹی جے ڈی یو کو دو سے زیادہ سیٹیں نہیں ملیں گی کیونکہ بی جے پی اور این ڈی اے کے دیگر اتحادی پارٹی اپنی سیٹیں چھوڑنے کو تیار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ میں ہمیشہ نتیش کمار کو اپنے سے زیادہ مانتا تھا، لیکن انہوں نے مجھے غلط ثابت کر دیا۔مجھے اس کے لیے افسوس ہے۔نائب وزیراعلیٰ اوربی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی کی طرف سے ان کے خاندان اور ریت مافیا سبھاش پرساد یادو کے درمیان اتحاد ہونے اور سبھاش کے آر جے ڈی کے آئندہ 27اگست کوپٹنہ میں مجوزہ ریلی کے لیے فنڈز رقم خرچ کئے جانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے لالویادو نے کہاکہ ہم نے ریلی کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں لیا ہے، ریاست کی پچھلی این ڈی اے حکومت میں سشیل مودی نے انہیں معاہدہ دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ان کی طرف سے کہانیاں قائم دیجئے لیکن ہم انہیں پٹنہ میں آئندہ 27اگست کی ریلی میں ظاہر کریں گے۔