“گھروں سے نکلو باہر” ، اس سے پہلے کے بھیڑ قاتل پہنچیں آپ کے گھروں تک ۔ اے سعید
نئی دہلی (ملت ٹائمز پریس ریلیز)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI)کی جانب سے گزشتہ یکم اگست سے ‘ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت ‘کے عنوان کے تحت ملک بھر میں عوامی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔کارنر میٹنگس ، سمینار، عوامی اجلاس، پوسٹر مہم ، ریالیاں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے نام آن لائن پٹیشن اور احتجاجی مظاہروں پر مشتمل اس ملک گیر مہم کا اختتام آج 25اگست 2017کو ہورہا ہے۔ اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر اے سعید نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں ہجومی قتل کے متاثرین کو انصاف دلانے اور گﺅ رکشا کے نام پر معصوموں پر حملہ کرکے ان کا بہیمانہ قتل کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف چلائی جارہی اس ملک گیر مہم کے اختتامی دن یعنی آج 25اگست کو تمام انسانیت پرست اور امن پسند شہریوں ، ملی و سماجی تنظیموں اور علماءکرام سے اپیل کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں کے باہر ایک ساتھ کھڑے ہوکر یا مقررہ مقام پر انسانی زنجیر بنا کر اپنے بازوﺅں میں سیاہ پٹی باندھ کر یا پلے کارڈ لیکر ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام اس پروگرام میں شامل ہوکر اپنی مزاحمت کا پر امن مظاہرہ کریںکیونکہ اگر ہم متحد نہیں ہونگے تو یہ حملہ آج دور ہے ، کل قریب آجائیگاآج دوسروں پر ہے ، کل آپ پر بھی ہوگا۔ واضح رہے کہ ملک کے موجودہ صورتحال کے مد نظر آئین کی حفاظت کرنے،انصاف اور برابری،امن اور سلامتی کو بر قرار رکھنے کے لیے ایس ڈی پی آئی ملک گیر سطح پر ( 1تا 25اگست) مذکورہ عوامی مہم کا انعقاد کررہی ہے۔ اسی ملک گیر مہم کے ایک حصہ کے طور پر نئی دہلی میں 25اگست بروز جمعہ بوقت دو پہر 1.30بجے بمقام جامع مسجد، گیٹ نمبر 1،اردو بازار میں ‘نکلو گھر سے باہر ‘ مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا ۔ ! لہذا ایس ڈی پی آئی تمام امن پسند شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں شریک رہیں۔