نئی دہلی(ملت ٹائمزایجنسیاں)
بی جے پی کے ایم پی ساکشی مہاراج نے ڈیرہ سچا سودا چیف گرمیت رام رحیم سنگھ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سادھو سنیاسیوں کے خلاف سازش رچی جا رہی ہے۔رام رحیم کو سزا سنائے جانے پر ساکشی مہاراج نے بولا کہ وہ کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے ایم پی نے کہا کہ کورٹ شکایت کنندہ کی بات سن رہی ہے لیکن ان کے لاکھوں لوگوں کی بات نہیں سن رہی، جو رام رحیم کو بھگوان مانتے ہیں۔
ساکشی مہاراج نے کہا کہ میں عدلیہ کا بے حد احترام کرتا ہوں، پر میں ایک بات ضرور کہنا چاہوں گا کہ ایک آدمی نے جنسی استحصال کی شکایت کی ہے اور کروڑوں لوگ بابا رام رحیم کو سچا مان رہے ہیں، بھگوان مان رہے ہیں۔ایسے میں ایک کی بات تو سنی جا رہی ہے، لیکن کروڑوں لوگوں کی عدالت کیوں نہیں سن رہی ہے۔
ساکشی مہاراج کے مطابق رام رحیم پر جنسی استحصال کا الزام ہندوستانی ثقافت کی تصویر خراب کرنے کی کوشش ہے۔ساکشی مہاراج نے کرنل پروہت، سادھوی پرگیہ ٹھاکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ منظم طریقے سے سادھوسنتوںکو ہی نہیں ہندوستانی ثقافت کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔بی جے پی کے ایم پی نے کہا کہ ایک شخص رام رحیم کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت کرتا ہے، لیکن رام رحیم کے لئے کروڑوں لوگ اپنی جان دینے کے لئے تیار ہیں۔کورٹ کو اس معاملے میں سنجیدگی برتنے کی نصیحت دیتے ہوئے ساکشی مہاراج نے کہا کہ اگر زیادہ بڑے واقعات ہوتے ہیں، تو صرف ڈیرہ کے لوگ ذمہ دار نہیں ہوں گے، عدالت بھی اس کا ذمہ دار ہوگا۔ساکشی مہاراج نے سوال کیا کہ جامع مسجد کے امام کو کورٹ کیوں نہیں بلاتا، جن کے خلاف بہت سے معاملے ہیں۔وہیں کانگریس پر حملہ بولتے ہوئے بی جے پی کے ایم پی نے کہا کہ مودی جی نے بدعنوانی سے پاک اور کانگریس مکت بنا دیا ہے،پنجاب بھی کانگرےس مکت ہو جائے گا۔