ہجومی دہشت گردی کے خلا ف دہلی سمیت ملک کی 13ریاستوں میں ایس ڈی پی آئی کا ایک ساتھ سڑکوں پرتاریخی احتجاج

مسلمانوں اور دلتوں کو چاہئے کہ وہ اپنی حفاظت خودکرنے کے لیے تیار رہیں۔ اے سعید
نئی دہلی (ملت ٹائمزمحمد قیصر صدیقی)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ( SDPI)کی جانب سے نئی دہلی سمیت ملک بھر میں 13ریاستوں کے تمام اسمبلی حلقوں اور اضلاع میں مسلمانوں اور دلتوں کا بہیمانہ قتل کرنے والے نام نہاد گﺅ رکشکوں کی مذمت کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جب سے بی جے پی اقتدار پر بیٹھی ہے تب سے گائے محافظ کھلے عام دہشت گردی کرتے آرہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر معنوی بیانات اور خاموشی نے گائے محافظ دہشت گردوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور وہ ملک بھر میں تشدد برپا کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر اے سعید کے ہاتھوں گزشتہ یکم اگست 2017 کو جئے پور میں منعقد ایک عوامی اجلاس میں ‘ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت ‘کے عنوان کے تحت ملک گیر عوامی مہم کا آغاز ہوا تھا۔ مہم کے پہلے دن سے ہی نئی دہلی سمیت ملک کے دیگر ریاستیں آندھرا پردیش،بہار، گوا،کرناٹک، کیرلا، مدھیہ پردیش،مہاراشٹرا، منی پور،راجستھان، تمل ناڈو،اتر پردیش اور مغربی بنگال میں پارٹی لیڈرشپ بڑے پیمانے ریالیوں، عوامی اجلاس، اجتماعات، سمینار، کارنر میٹنگس،پوسٹر مہم اور ہینڈ بل مہم اور گھر گھر عوام تک پہنچ کر کے ملک میں گﺅ رکشکوں کی دہشت گردی کے تعلق سے انہیں بیدار کرنے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے متحد کررہے تھے ۔ ایس ڈی پی آئی نے مہم کے اختتام میں 25اگست 2017 کو پارٹی نے ” گھر سے نکلو باہر” کے نعرے کے ساتھ ملک کے ان تمام ریاستیں جہاں پر ایس ڈی پی آئی موجود ہے ان ریاستوں کے تمام اضلاع ، تعلقہ، شہروں اور گاﺅں میں سڑکوں پر جمع ہوکر انسانی زنجیر اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا۔ ایس ڈی پی آئی کارکنان ہجومی قتل کے خلاف عوامی مزاحمت کے بینرس اور پلے کارڈس ہاتھوں میں لیکر اور گﺅر کشکوں کے خلاف، ان کی پشت پناہی کررہی حکومتوں اور پولیس انتظامیہ کے لیے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں میں جمع ہوئے۔ جمعہ کے بعد دوپہر میں ہوئے احتجاجی مظاہرے کو لاکھوں کی تعداد نے دیکھا اور لاکھوں کارکنان نے اپنے بازوﺅں میں کالی پٹی باندھ کر سڑکوں پر مظاہرہ کیا۔ نئی دہلی میں تاریخی جامع مسجد کے باہر ہوئے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہزاروں افراد سے قومی صدر اے سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں اور دلتوں کو چاہئے کہ وہ اپنی حفاظت خود کرنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے ملک کے دلتوں اور مسلمانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں اور دلتوں کو سمجھنا ضروری ہے ان کی سلامتی ان ہی کے پاس ہے۔ وہ اپنی حفاظت کرنے کے لیے خود کو تیار کریں کوئی اور ان کوبچانے کے لیے نہیں آئے گا۔ مسلمانوں اور دلتوں کو اپنے لیڈروں کو سمجھنا ہوگا۔ ان کو سمجھنا ہے کہ وہ کونسی لیڈر شپ ہے جو ان کی جان بچانے ،ان کے حقوق دلانے اور ان کے وقار بچانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ پارٹی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد نے جامع مسجد کے قریب ہوئے احتجاجی مظاہرے کے دوران اپنے خطاب میں کہاکہ ایس ڈی پی آئی عوامی مہم ” ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت “سے ملک بھرمیں عوام میں بیداری اور حوصلہ پیدا ہوا ہے اور انہیں آئین میں حاصل اپنے اپنے بنیادی حقوق کے بارے میں جانکاری حاصل ہوئی ہے۔ اس عوامی مہم سے لا پرواہ حکومتوں کو بھی اس بات کا پتہ چلا ہے کہ ملک میں لاءاینڈ آر ڈر کا حال کیسا ہے اور ملک کس صورتحال سے گذررہا ہے ۔جامع مسجد کے قریب منعقد کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد، قومی جنرل سکریٹریان الیاس محمد تمبے، محمد شفیع، ایم کے فیضی، معروف سماجی کارکن روی نائر، ڈی سی کپل، لوک راج سنگھٹن کے صدر سرینواسن راگھون، برجو بھائی ، ایس ڈی پی آئی قومی کو آرڈینٹر ڈاکٹر نظام الدین خان اور ریاست دہلی کے عہدیداران اور پاپولر فرنٹ کے ریاستی جنرل سکریٹری گلفام شیخ ، زونل سکریٹری انیس انصاری،شفیع اللہ،نو ید عظیم سمیت سینکڑوں کارکنان شریک رہے۔