مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذریعہ سیلاب زدگان کی راحت رسانی کا کام جاری

نئی دہلی(ملت ٹائمزپریس ریلیز)
اس سال سیلاب کی بھیانک صورتحال اور قیامت خیزی نے نہ صرف بہارو بنگال کوتباہ وبرباد کردیا ہے بلکہ ملک کے دیگر متعدد صوبے مثلا یوپی وغیرہ بھی اس کی زد میں آئے ہیں۔ یوپی کے کئی اضلاع سیلاب سے متاثرہوئے ہیں اوربڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ لوگوں کے گھر اور کھیتی دونوں تباہ وبرباد ہوگئے ہیں۔ اور وہ اس بات کے مستحق ہیں کہ دینی اور قومی وانسانی فریضہ سمجھ کر ان کی فوری امداد کی جائے۔ ان حقائق کی جانکاری مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے بہار، بنگال کے بعد یوپی کے بعض اضلاع کے دورے کے بعداخبار کے نام جاری ایک بیان میں دی ۔ موصوف ان دنوں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے اعلی سطحی راحتی وفد کے ساتھ اترپردیش کے سیلاب زدہ علاقوں کے راحتی دورے پر ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد نے اترپردیش کے بعض اضلاع مثلا سدھارتھ نگر کے متعدد سیلاب زدہ مقامات مثلا تینوا، جھکہیا، ترچھہوا، کٹھیلا وغیرہ کا دورہ کیا ۔ وہاں کی صورتحال اور راحتی کاموں کا جائزہ لیا اور اس موقع پر متاثرین کے مابین کپڑے اور نقدی تقسیم کی گئی۔
اس موقع پر ناظم عمومی نے عوام و خواص سے اپیل کی کہ اپنے ہم وطن بھائیوں کی دل کھول کر امداد کریں اور ان کے لیے دعائے خیر کریں نیز انہوں نے متاثرین کو صبرو تحمل کی تلقین کی۔
پریس ریلیز کے مطابق اس وفد میں مولانا شہاب الدین مدنی ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی ، مولانا محمد ابراہیم مدنی، امیر ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر ، مولانا عبیداللہ فیضی، مولانا نعیم سلفی، مولانا فرید الدین فیضی ، مولانا ضمیر احمد مدنی، مولانا عبدالوہاب محمدی، مولانا مجیب الرحمن رحمانی وغیرہم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کا ایک راحتی وفد سدھارتھ نگر کے بانسی وغیرہ علاقوں میں بھی مصروف راحت رسانی ہے۔