ڈیرہ سچا سودا سے 18 سال کے عمر کی 18 لڑکیاں برآمد، ہر ایک کا کرایا جائے گا طبی معائنہ ،باباکی مشکلوں میں ہوسکتاہے اور اضافہ

نئی دہلی(ملت ٹائمزعامر ظفر)
ہریانہ کے اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے جیل کی سلاخوں میں بند ریپ کے مجرم گرمیت رام رہیم کے ڈیرہ ”سچا سودا “ پر بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مارتے ہوئے 18سال سے کم عمر اٹھارہ لڑکیوں کو ڈیرہ راہم رہیم کی مبینہ قید سے آزاد کراتے ہوئے ان کے مکمل جسمانی معائنہ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ڈیرہ میں رہائش پذیر 650افراد کو بھی ان کے گھروں میں واپس بھیج دیا گیا ،ہریانہ اور پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی ہیں، اسکول اور کالجز بھی کھولنے کا اعلان کردیاگیاہے۔
ملت ٹائمز کی ملی اطلاع کے مطابق ہریانہ کے حکام نے منگل کو ڈیرہ سچا سودا ہیڈکوارٹر سے 18 نابالغ لڑکیوں کو آزاد کراتے ہوئے انکو طبی معائنے کے لئے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔سرسا کے ڈپٹی کمشنر پریجھوت سنگھ کا کہنا تھا کہ کہ انہوں نے ڈیرہ سچا سودا میں تمام ضروری قانونی کارروائی کرتے ہوئے یہاں سے 18سال سے کم سن 18لڑکیوں کے ایک گروپ کو بازیاب کرا یا ہے جن کا مکمل طبی معائنہ کروایا جائے گا ، تحقیقات مکمل ہونے تک یہ اٹھارہ لڑکیاں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی حفاظتی تحویل میں رہیں گی جس کے بعد انہیں ریاست چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مختلف اداروں میں مستقل طور پر بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج کی کارروائی میں سچا سودا میں رہنے والے 650افراد کو بھی وہاں سے نکالتے ہوئے انہیں ان کے گھروں میں بھیجا گیا ہے جبکہ اب وہاں پر رہائش رکھنے والے افراد کی تعداد ڈھائی سو سے 3سو کے درمیان ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سرسا میں اب مکمل امن قائم ہے اور حالات معمول کی طرف آ رہے ہیں ،جبکہ ریاست ہریانہ میں معطل ہونے والی موبائل اور انٹر نیٹ سروسز بھی بحال کر دی گئی ہیں جبکہ تعلیمی اداروں اور بینکوں کو بھی دوبارہ معمول کے مطابق کھول دیا گیا ہے تاہم حالات نارمل ہونے کے باوجود ریاست ہریانہ کے مختلف اضلاع میں نارمل حالات کے باوجود بھارتی فوج اور سیکیورٹی اداروں کی بڑی تعداد تعینات رہے گی۔