نئی دہلی(ملت ٹائمزایجنسیاں)
وزیراعظم نریندر مودی نے محترمہ نرملا سیتا رمن کے طور پر ملک کو پہلی کُل وقتی خاتون وزیر دفاع دیا ہے لیکن آج وزارتی کونسل میں شامل کئے گئے نو چہروں میں ایک بھی خاتون نہیں ہے۔مرکزی وزارتی کونسل میں آج کی گئی تبدیلی میں چار وزرائے مملکت کو ترقی دے کر کابینہ وزیر اور نو نئے وزیر مملکت بنائے گئے ہیں جن میں وزارتی کونسل کے اراکین کی تعداد وزیر اعظم سمیت بڑھ کر 76ہوگئی ہے۔ ان میں 27کابینہ وزیر، 11آزادانہ چارج اور 36وزرائے مملکت ہیں۔آج کی توسیع میں کسی خاتون کو جگہ نہ ملنے سے وزارتی کونسل میں ان کی تعداد پہلے کی ہی طرح نو برقرار ہے جن میں چھ سشما سوراج، اوما بھارتی، مینکا گاندھی، ہرسمرت کور بادل، اسمرتی ایرانی اورنرملا سیتا رمن کابینی وزیر ہیں۔ باقی تین سادھوی نرنجن جیوتی، کرشنا راج اورانوپریہ پٹیل وزرائے مملکت ہیں۔





