مولانامفتی اشرف علی باقویؒ کی وفات ملت اسلامیہ ہندکے لئے عظیم خسارہ:مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

نئی دہلی(ملت ٹائمز)

آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈ کے سکریٹری حضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی صاحب نے مکہ مکرمہ سے ملت ٹائمز کو ایک پریس نوٹ بھیج کر مولانامفتی اشرف علی باقوی ؒ کی وفات شدیدتعزیت کا اظہارکرتے ہوئے اسے پوری ملت اسلامیہ ہندکے لئے بہت بڑا حادثہ قراردیا،انہوں نے کہاکہ مفتی صاحب کواللہ تعالیٰ نے بڑی خوبیوں اورصلاحیتوں کاجامع بنایاتھا،وہ ایک مقبول وبافیض استاذ بھی تھے،شیریں گفتارمقرربھی،زبان وادب کے رمزشناس بھی تھے اورشعروسخن سے بھی تعلق رکھتے تھے،ایک بالغ نظرفقیہ بھی تھے اورایک اچھے مزاج شناس مربی اورشیخ بھی،وہ ملت کے مسائل کواپنے ناخن تدبیرسے حل کرنے کااورامت کومتحدکرنے کاسلیقہ بھی رکھتے تھے،وہ ریاست کرناٹک کے امیرشریعت ،آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈ عاملہ کے رکن رکین،اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیااورآل انڈیاملی کونسل کے نائب صدر،دارالعلوم وقف دیوبنداوردارالعلوم ندوة العلماءلکھنو¿ کی مجلس شوریٰ کے اہم رکن تھے،جن کے مشوروں کوبہت اہمیت دی جاتی تھی،انہوں نے دارالعلوم سبیل الرشادمیں تقریباََ پچاس سال بخاری شریف کادرس دیااورطویل عرصہ سے وہ اس کے مہتمم اورذمہ داراعلیٰ تھے،ان کی مدلل اورحکیمانہ گفتگوکی وجہ سے ہرحلقہ کے لوگ ان سے استفادہ کرتے تھے،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حضرت مفتی صاحب کی بال بال مغفرت فرمائے،اوروہ جن اداروں سے وابستہ تھے ان کوان کی شخصیت کابدل حاصل ہوجائے۔